محمد سراج نے حیدر آباد پہنچتے ہی والد کی قبر پر دی حاضری، آنکھیں ہوئیں نم

محمد سراج آسٹریلیا میں تھے جب والد کا انتقال ہوا تھا، کورونا بحران میں انھوں نے آسٹریلیا میں رہ کر ہی اپنے والد کا خواب پورا کرنے کا تہیہ کیا اور ہندوستان کی جیت میں اہم کردار نبھایا۔

اپنے والد کی قبر پر دعائے مغفرت کرتے محمد سراج, تصویر یو این آئی
اپنے والد کی قبر پر دعائے مغفرت کرتے محمد سراج, تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

آسٹریلیا کی سرزمین پر ہندوستان کو ٹیسٹ سیریز جتانے میں اہم کردار نبھانے والے محمد سراج کی آج وطن واپسی ہوئی اور حیدر آباد پہنچتے ہی انھوں نے اپنے مرحوم والد کی قبر پر حاضری دی۔ آج جب محمد سراج حیدر آباد پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ ممبئی سے شمس آباد ائیر پورٹ پر آج صبح ہی پہنچے تھے اور بلاتاخیر انھوں نے والد کی قبر پر حاضری دینے کا فیصلہ کیا اور پھر وہاں پہنچ کر دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر ان کی آنکھیں نم نظر آئیں۔

والد کی قبر پر دعائے مغفرت کرتے محمد سراج
والد کی قبر پر دعائے مغفرت کرتے محمد سراج
تصویر یو این آئی

قابل ذکر ہے کہ محمد سراج آسٹریلیا میں تھے جب ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا اور وہ مشکل حالات کے دوران وطن واپس نہیں آ سکے تھے۔ آسٹریلیا میں رہ کر ہی انھوں نے اپنے والد کا خواب پورا کرنے کا تہیہ کیا، اور جیسے ہی انھیں ہندوستانی ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا، اپنی گیندبازی سے آسٹریلیائی بلے بازوں کو پریشان کر دیا۔ آخری ٹیسٹ میچ کی آخری پاری میں محمد سراج نے پانچ وکٹ بھی لیے تھے جس کے بعد انھوں نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا خواب پورا ہو گیا۔


واضح رہے کہ محمد سراج نے حالیہ آسڑیلیا دورہ میں ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ 13وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے کیریر کا اولین ٹسٹ ملبورن میں کھیلتے ہوئے میچ میں پانچ وکٹیں لی تھیں۔ محمد سراج نے برسبین میں آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو بھاری سبقت سے روکا اور ہندوستان کے لئے جیت کا ہدف 328رن کو قابل عبور بنایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Jan 2021, 6:48 PM