چیمپئن بنی ہندوستانی خواتین ٹیم پر پیسوں کی بارش، بی سی سی آئی بطور انعام 51 کروڑ روپئے دے گا
آئی سی سی کی طرف سے بھی ہندوستانی ٹیم کو خطاب جیتنے پر4.48 ملین ڈالر(تقریباً 40 کروڑ روپے) کی انعامی رقم ملی ہے جو کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے 2025 کا ایک روزہ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ نیوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈمی میں اتوار 2 نومبر کو ہوئے فائنل میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 52 رنوں سے شکست دی۔ اس طرح ہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کرلیا اور جنوبی افریقہ کا ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔
ہندوستانی خواتین ٹیم کی شاندار جیت کے بعد اب انعامات کی بارش ہو رہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں اور ٹیم کے معاون عملے کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی ہندوستانی ٹیم کو بطورانعام 51 کروڑ روپے دے گا۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجیت سیکیا نے اس کی تصدیق کی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی خواتین ٹیم کو اتنی بڑی انعامی رقم ملے گی۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے دیوجیت سیکیا نے کہا کہ کپل دیو نے 1983 میں ہندوستان کو ورلڈ کپ جیتا کرہندوستانی کرکٹ کو نئی توانائی اور تحریک دی تھی۔ اب ہرمن پریت کور اور ان کی ٹیم نے وہی جوش اور ولولہ دوبارہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف ٹرافی جیتی ہے بلکہ پوری قوم کا دل جیت لیا ہے۔
دیوجیت سیکیا نے کہا کہ یہ جیت ہندوستان میں خواتین کی کرکٹ کے مستقبل کو ایک نئی سمت دے گی اور کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کے چیئرمین اور بی سی سی آئی کے سابق سیکرٹری جے شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یوجیت سائکیا نے کہا کہ جے شاہ کی قیادت میں خواتین کرکٹ میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ تنخواہوں میں مساوات پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ حال ہی میں خواتین کے ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم میں 300 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ یہ2.88 ملین ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 14 ملین ڈالر کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات سے خواتین کی کرکٹ کو نمایاں فروغ ملا ہے۔ بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملے کے لیے 51 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا بھی اعلان کیا ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے بھی ہندوستانی ٹیم کو خطاب جیتنے پر4.48 ملین ڈالر(تقریباً 40 کروڑ روپے) کی انعامی رقم ملی ہے جو کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔ خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں آئی سی سی نے 13.88 ملین ڈالر (تقریباً 123 کروڑ روپے) کی انعامی رقم تقسیم کی جو 2022 کے ایڈیشن سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔