’پیسہ اور تفریح لوگوں کی زندگیوں سے زیادہ عزیز‘، ایشیا کپ میں ہندوستان-پاکستان میچ پر آدتیہ ٹھاکرے کا مرکزی حکومت پر طنز
آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’میرا خیال ہے کہ بی جے پی پاکستان کا استعمال صرف انتخابات میں ہی کرے گی، ورنہ تمام دہشت گردانہ حملوں کے بعد کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیوں لیا جاتا؟‘‘

شیو سینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے /ّ آئی اے این ایس
ایشیا کپ میں ہندوستان-پاکستان کرکٹ میچ کے متعلق ان دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے لے کر پارلیمنٹ تک بحث چھڑا ہوا ہے۔ اب اس سلسلہ میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے ایشیا کپ میں ہندوستان-پاکستان کے درمیان ہونے والے مقابلہ پر مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے اتوار (3 اگست) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا۔ پوسٹ میں انہوں نے ہندوستان-پاکستان کے مقابلے کو ’بلاک باسٹر میچ‘ قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کو ایشیا کپ میں کھیلنے سے کیوں نہیں روک رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ قدم ظاہر کرتا ہے کہ ’پیسہ اور تفریح‘ دہشت گردانہ حملہ میں جان گنوانے والوں سے زیادہ اہم ہے۔
آدتیہ ٹھاکرے نے پوسٹ میں آگے لکھا کہ ہندوستانی حکوت اس پر ایک لفظ بھی نہیں بولتی کتنی شرم کی بات ہے۔ پہلگام حملہ کے بعد حکومت نے پوری دنیا میں وفود بھیج کر پاکستان اور دہشت گردی کی مذمت کی، لیکن حکومت بی سی سی آئی کو ایشیا کپ میں کھیلنے سے منع کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ دہشت گردانہ حملوں میں جان گنوانے والوں اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر ہماری حفاظت کرنے والے جوانوں کی جانوں پر پیسے اور تفریح کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ واقعی میں ہندوستان کے جذبات سے کھلواڑ ہے کہ بی سی سی آئی پاکستان کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے اور حکومت خاموش بیٹھی ہے۔
شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر نے کہا کہ ’’میرا خیال ہے کہ بی جے پی پاکستان کا استعمال صرف انتخابات میں ہی کرے گی، ورنہ تمام دہشت گردانہ حملوں کے بعد کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیوں لیا جاتا؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’حکومت ہند کی طرف سے فرینڈشپ ڈے کا پیغام: سچی دوستی ایسی ہونی چاہیے، سرشار اور ایک طرفہ۔ وہ معصوم ہندوستانیوں پر حملہ کر سکتے ہیں، لیکن ہم پھر بھی ان کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے، کیونکہ ہم ان کا نام ہمیشہ الیکشن میں استعمال کر سکتے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ورلڈ چمپئن شپ آف لیجینڈس (ڈبلیو سی ایل) کے دوران انڈین چمپئنز کے کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل اور گروپ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کو فائنل میں براہ راست داخلہ مل گیا تھا۔ دونوں میچوں کی منسوخی کے سبب منتظمین کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ اس کے بعد یہ قیاس آرائی زوروں پر تھیں کہ ایشیا کپ میں بھی ہندوستان اور پاکستان کا آمنا سامنا نہیں ہوگا۔ لیکن ایشیا کپ شیڈول آنے کے بعد یہ صاف ہو گیا کہ ہندوستان-پاکستان کا مقابلہ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔