ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں مومن الحق کی سنچریاں

مومن الحق نے اس ٹسٹ میں281 رن بنائے جو ایک ٹسٹ میں بنگلہ دیش کے لئے سب سے زیادہ رن ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید پرویز قیصر

ٹسٹ کرکٹ میں ابھی تک67 بلے بازوں نے83 مرتبہ میچ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ تین بلے بازوں نے ایسا تین مرتبہ کیا ہے جبکہ دس بلے بازوں نے دو دو مرتبہ ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں بنائی ہیں۔

بنگلہ دیش کے صرف ایک بلے باز نے ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ بلے باز مومن الحق ہیں جنہوں نے سری لنکا کے خلاف چٹاگانگ میں کھیلے گئے ٹسٹ میں ایسا کیا۔بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے مومن الحق نے ٹسٹ کی پہلی اننگ میں214 بالوں پر16چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے176 رن بنانے کے بعد دوسری اننگ میں174بالوں پرپانچ چوکوں اوردو چھکوں کی مدد سے105 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

ہندوستان کے سنیل گواسکر اور آسڑیلیا کے ریکی پونٹنگ اورڈیوڈ وارنرنے تین تین مرتبہ ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ہندوستان کے لئے ایسا پہلی مرتبہ کرنے والے سنیل گواسکر تھے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں1970-71 میں کھیلے گئے ٹسٹ میں پہلی اننگ میں124رن اور دوسری میں220 رن بنائے تھے۔ پاکستان کے خلاف کراچی میں1978-79 میں ہوئے ٹسٹ میں سنیل گواسکر نے پہلی اننگ میں111 رن اور دوسری اننگ میں137 رن بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکاتہ میں اسی سیزن میں وہ پہلی اننگ میں107 رن بنانے کے بعد آوٹ ہوئے بغیر182 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

ریکی پونٹنگ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف برسبین میں2005-06 میں کھیلے گئے ٹسٹ میں پہلی اننگ میں149 رن اور دوسری میں آوٹ ہوئے بغیر104 رن بنائے تھے جبکہ جبوبی افریقہ کے خلاف اسی سیزن میں سڈنی میں وہ پہلی اننگ میں120 رن اور دوسری میں آوٹ ہوئے بغیر143 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے آسڑیلیا کے سابق کپتان نے ڈربن میں اسی سیزن میں تیسری مرتبہ ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں بنائی تھیں۔ ٹسٹ کی پہلی اننگ میں انہوں نے103 رن اور دوسری میں116 رن بنائے تھے۔

ڈیوڈ وارنر نے 2012-13میں کیپ ٹاون میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے مرتبہ ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔ پہلی اننگ میں وہ135 رن بنانے کے بعد دوسری اننگ میں145رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ ہندوستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں2014-15میں ڈیوڈ وارنر پہلی اننگ میں145 رن اور دوسری میں102 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف برسبین میں بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے تیسری مرتبہ ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں سنچریاں بنائی تھیں۔ 2015-16 میں ہوئے اس ٹسٹ میں انہوں نے پہلی اننگ میں163 رن اور ددسری میں116 رن بنائے تھے۔

مومن الحق نے اس ٹسٹ میں281 رن بنائے جو ایک ٹسٹ میں بنگلہ دیش کے لئے سب سے زیادہ رن ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔