محمد شامی نے 7 وکٹ لے کر فٹ نس پر سوال اٹھانے والوں کو دیا جواب، کھٹکھٹایا ہندوستانی ٹیم کا دروازہ!

اتراکھنڈ کے خلاف مقابلہ میں شامی نے 39.3 اوورس کی گیند بازی کی اور دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 7 وکٹ اپنے نام کر لیے۔ محمد شامی کو شاندار گیند بازی کے لیے مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

محمد شامی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں ان دنوں رنجی ٹرافی ٹورنامنٹ کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ایلیٹ گروپ-سی کے میچ میں بنگال کا سامنا اتراکھنڈ سے ہوا۔ یہ مقابلہ کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا، جہاں بنگال کی ٹیم نے 8 وکٹ سے جیت درج کی۔ بنگال کی اس جیت میں تیز گیند باز محمد شامی نے اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ محمد شامی گزشتہ کافی وقت سے ٹیم انڈیا سے باہر چل رہے ہیں اور اب انہوں نے اس میچ میں شاندار گیند بازی کر ٹیم میں اپنی واپسی کی مضبوط دعویداری پیش کی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے فٹ نس سے متعلق سوال اٹھانے والوں کو جواب بھی دے دیا ہے۔

فی الحال محمد شامی کی فٹنس کے حوالے سے ہر طرف بحث جاری ہے۔ جہاں ایک طرف ٹیم انڈیا کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے انہیں ان فٹ قرار دیا تھا، دوسری جانب محمد شامی نے رنجی میچ سے قبل اپنی فٹنس کے حوالے سے ایک اہم بیان دیا تھا۔ ہندوستانی تیز گیند باز شامی نے رنجی ٹرافی 2025 سیزن کی شروعات سے قبل ہی خود کو بالکل فٹ قرار دیا تھا۔ اتراکھنڈ کے خلاف مقابلہ میں انہوں نے 39.3 اوورس کی گیند بازی کی اور دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 7 وکٹ اپنے نام کر لیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ اس وقت مکمل طور سے فٹ ہیں۔


محمد شامی نے اتراکھنڈ کے خلاف میچ کی پہلی اننگ میں 3 اور دوسری اننگ میں 4 وکٹ اپنے نام کیے۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 14.5 اوورس کی گیندبازی کرتے ہوئے 4 میڈن اوور پھینکے اور 37 رن کے عوض 3 وکٹ حاصل کر لیے۔ انہوں نے تینوں وکٹیں 4 گیندوں کے اندر لے لیں۔ اس کے بعد دوسری اننگ میں محمد شامی نے 24.4 اوورس کی گیند بازی کرتے ہوئے 7 اوور میڈن پھینکے اور 38 رن کے عوض 4 وکٹ حاصل کیا۔ پورے میچ میں ان کی اکانومی ریٹ 2 سے کم رہی۔ وہ اس میچ میں کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے وکٹ نکالنے میں بھی کامیاب رہے۔

اگر بنگال-اتراکھنڈ رنجی مقابلہ کی بات کی جائے تو بنگال کی ٹیم 8 وکٹوں سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پہلی اننگ میں اتراکھنڈ نے 213 رن بنائے تھے، جواب میں بنگال کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 323 رن کے بدولت 110 رنوں کی برتری حاصل کی تھی۔ اس کے بعد اتراکھنڈ نے دوسری اننگ میں 265 رن بنائے اور بنگال کے سامنے جیت کے لیے 156 رن کا ہدف رکھا۔ اس ٹارگیٹ کو بنگال کی ٹیم نے 29.3 اوورس میں 2 وکٹ گنوا کر حاصل کر لی۔ دوسری اننگ میں ابھیمنیو ایشورن 71 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد شامی کو ان کی شاندار گیند بازی کے لیے مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔