محمد سراج کے ساتھ آسٹریلیائی شائقین نے پھر کی بدتمیزی، ’کیڑا‘ کہہ کر بلایا!

برسبین میں ہو رہے بارڈر-گواسکر سیریز کے آخری ٹیسٹ کے پہلے دن محمد سراج کے ساتھ شائقین نے کئی بار بدتمیزی کی اور ساتھ ہی واشنگٹن سندر کے خلاف بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا۔

محمد سراج / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
محمد سراج / تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

تنویر

آسٹریلیا میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ آسٹریلیائی شائقین کا برا سلوک کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ سڈنی ٹیسٹ میں محمد سراج کے ساتھ ساتھ جسپریت بمراہ پر شائقین کے ذریعہ پھبتیاں کسی گئی تھیں جس کی شکایت میچ ریفری کے ساتھ ساتھ امپائروں سے بھی کی گئی تھی، اور ایک دن تو دس منٹ کے لیے کھیل کو بھی روکنا پڑ گیا تھا اور تقریباً نصف درجن شائقین کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ امید کی جا رہی تھی کہ اس کے بعد حالات بہتر ہوں گے، لیکن چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے ہی دن محمد سراج کو ایک بار پھر اسٹیڈیم سے نشانہ بنایا گیا۔

برسبین میں ہو رہے بارڈر-گواسکر سیریز کے آخری ٹیسٹ میں محمد سراج کے ساتھ ہوئی بدسلوکی سے متعلق ایک رپورٹ ’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘ میں شائع ہوئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق محمد سراج کے ساتھ شائقین نے کئی بار بدتمیزی کی اور ساتھ ہی واشنگٹن سندر کے خلاف بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ کیٹ نامی ایک شخص کے حوالے سے سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے لکھا ہے کہ ’’میرے پیچھے بیٹھا لڑکا واشنگٹن اور سراج دونوں کو ’کیڑے‘ بلا رہا تھا۔‘‘ کیٹ کے مطابق ’’اس کی شروعات سراج کو نشانہ بناتے ہوئے کی گئی اور ایس سی جی میں جو ہوا، اسی کی طرز پر یہاں بھی ہوا (جس میں ناظرین نے ’کے سیرا، سیرا‘ ساز پر ’کے شراج، شراج‘ بول کا استعمال کیا)۔‘‘


کیٹ کے حوالے سے رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’مجھے اندیشہ ہے کہ یہ سب کچھ اتفاق نہیں ہے کہ سراج کو ایس سی جی میں ہوئے واقعہ کے بعد پھر سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘ اخبار کے مطابق ایک بار تو بھیڑ میں سے ایک شخص کو یہ چیختے ہوئے سنا گیا کہ ’’سراج، ’گِو اَس اے ویو‘، ’یو بلڈی گرب‘ (سراج تم کیڑے ہو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */