روہت شرما سے متعلق بیان دے کر برے پھنسے محمد حفیظ، سوشل میڈیا پر پڑی پھٹکار

محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یکم ستمبر کو ایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس کے بعد وہ سرخیوں میں آ گئے، ویڈیو میں وہ ہندوستانی کپتان روہت شرما کو کنفیوزڈ پرسنالٹی بتا رہے ہیں۔

محمد حفیظ، تصویر آئی اے این ایس
محمد حفیظ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سلامی بلے باز رہے محمد حفیظ نے ہندوستانی کپتان روہت شرما سے متعلق ایک عجیب و غریب بیان دے دیا ہے۔ انھوں نے روہت شرما کو ’کنفیوزڈ پرسنالٹی‘ بتایا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ہندوستان کو ہانگ کانگ کے خلاف شکست کا خوف تھا۔ اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر محمد حفیظ کو خوب پھٹکار لگ رہی ہے۔ خصوصاً ہندوستانی شیدائیوں نے حفیظ کے اس بیان کو پسند نہیں کیا اور ان کی کھنچائی شروع کر دی ہے۔

دراصل محمد حفیظ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یکم ستمبر کو ایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس کے بعد وہ سرخیوں میں آ گئے۔ ویڈیو میں وہ ہندوستانی کپتان روہت شرما کو کنفیوزڈ پرسنالٹی بتا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ وہ جو کہتے ہیں ان کے رویہ میں ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ حفیظ کا کہنا ہے کہ جس طرح کے ان کے بیان تھے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کے لیے کیا کر رہے ہیں اور کیسے کھیلنا چاہتے ہیں، اس پر عمل نہیں کر پا رہے۔


مثال پیش کرتے ہوئے حفیظ نے کہا کہ ’’(ہانگ کانگ کے خلاف) روہت کہہ رہے ہیں کہ پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے، ہمیں اس پر بلے بازی کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوگی، لیکن ہم گیندبازی کرنا چاہتے تھے۔ یعنی کہ آپ ہانگ کانگ کے خلاف شکست کے خوف میں مبتلا ہیں۔ میرے حساب سے یہ اچھا مائنڈ سیٹ نہیں ہے۔ اگر ایسا ہے تو گڈ لک۔‘‘ حفیظ نے یہ بھی تذکرہ کیا کہ ہانگ کانگ پر جیت کے بعد جس مایوسی اور پریشانی والے چہرے کے ساتھ روہت شرما میدان سے نکل رہے تھے، اس سے بھی ان پر دباؤ کا پتہ چلتا ہے۔

حفیظ کی اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں نے ان کی کلاس لگانی شروع کر دی۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’’روہت ناخوش تھے کیونکہ آخری فیز میں جس طرح کی گیندبازی ہوئی وہ ٹھیک نہیں تھی۔ وہ جانتے تھے کہ اصلاح کی ضرورت ہے، جشن کی نہیں۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’’کس کرکٹ کی کتاب میں لکھا ہے کہ کسی کی کپتانی کا اندازہ اس کے چہرے کے آثار دیکھ کر کیا جا سکتا ہے؟ اسی باڈی لینگویج کے ساتھ روہت نے 5 آئی پی ایل خطاب، ایک ایشیا کپ، کئی سیریز جیتی۔ انھوں نے اپنی کپتانی میں 37 میں سے 31 میچ جتائے جو ٹی-20 انٹرنیشنل میں جیت کا بہترین اوسط ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */