نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے یک روزہ میچ میں محمد عباس بنے پاکستان کی شکست کا سبب! محض 26 گیندوں میں بنائے 52 رن
عباس پاکستانی نژاد کیوی کرکٹر ہیں۔ ان کی پیدائش نومبر 2003 میں پاکستان کے لاہور میں ہوئی۔ کرکٹ کا کھیل ان کی رگوں میں دوڑتا ہے کیونکہ ان کے والد اظہر پاکستان کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹر محمد عباس@BLACKCAPS
پہلے یک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنوں سے شکست دے کر 3 یک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ کی جیت میں پاکستان نژاد محمد عباس کا اہم کردار رہا۔ یک روزہ ڈیبیو میچ میں صرف 26 گیندوں میں 52 رن کی شاندار اننگ کھیلنے کے ساتھ ہی محمد عباس نے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے صرف 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، اسی کے ساتھ وہ یک روزہ ڈیبیو میچ میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستان کے آل راؤنڈر کرنال پانڈیا کے نام تھا، جنہوں نے 2021 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے یک روزہ ڈیبیو میچ میں 26 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی تھی۔
مسلم نام کی وجہ سے لوگ یہ سوچنے کو مجبور ہوئے کہ محمد عباس کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہی ہے، یا پھر کسی اور ملک سے۔ دراصل محمد عباس پاکستانی نژاد کیوی کرکٹر ہیں۔ ان کی پیدائش نومبر 2003 میں پاکستان کے لاہور شہر میں ہوئی تھی۔ کرکٹ کا کھیل ان کی رگوں میں دوڑتا ہے کیونکہ ان کے والد اظہر عباس پاکستان کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ اظہر عباس نے اپنی کیریئر میں 45 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 154 وکٹ لیے تھے۔ کچھ عرصہ بعد اظہر نیوزی لینڈ شفٹ ہو گئے تھے، جہاں وہ ویلنگٹن اور آکلینڈ کے لیے بھی کرکٹ کھیلے۔ اظہر عباس فی الحال ویلنگٹن فائر برڈس نامی ٹیم کے معاون کوچ ہیں۔
محمد عباس نے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرکٹ میں نئی پہچان قائم کی ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ میں ہی اپنے کرکٹ کیریئر کی شروعات کی، گھریلو کرکٹ میں آکلینڈ اور ویلنگٹن کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ محمد عباس نے ویلنگٹن کے لیے 21 فرسٹ کلاس میچوں میں 1300 سے زائد رن بنائے جن میں ان کا نمایاں اسکور 130 رن تھا۔ گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہی صرف 21 سال کی عمر میں محمد عباس کو بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کا موقع ملا۔
قابل ذکر ہے کہ 16 مارچ 2025 سے پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے۔ 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ پہلے ہی پاکستان کو 4-1 سے شکست دے چکی ہے۔ اب نیوزی لینڈ نے 3 یک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ہی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پہلے یک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے لیے مارک چیپمین نے 132 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 344 رن بنائے، ہدف کا تعقاب کرنے اتری پاکستانی ٹیم 271 رنوں پر ہی سمٹ گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔