ایک روزہ کرکٹ میں معین علی کی انگلینڈ کیلئے سب سے تیز سنچری

Getty Images
Getty Images
user

سید پرویز قیصر

معین علی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں انگلینڈ کیلئے سب سے تیز سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف برسٹل میں کھیلے گئے سریز کے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں انہوں نے79 منٹ میں57 بالوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے102 رن بنائے تھے جس میں سنچری53 بالوں پر مکمل کی تھی۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے معین علی نے اپنی نصف سنچری 41 بالوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنانے کے بعد اگلے 50 رن صرف12 بالوں پردو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنائے۔

معین علی کی یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 61 ویں میچ کی53 ویں اننگ میں تیسری سنچری تھی۔اس سے قبل انہوں نے دونوں سنچریاں انگلینڈ سے باہر بنائی تھیں۔ ایک اسکاٹ لینڈ کے خلاف(128) کرائسٹ چرچ میں23 فروری2015 کو اور دوسری سری لنکا کے خلاف (119)کولمبو میں 26 نومبر 2014 کو۔

معین علی سے پہلے انگلینڈ کیلئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈجوز بٹلر کے پاس تھا جنہوں نے سری لنکا کے خلاف لارڈ میں31 مئی2014 کو اپنی 121 رن کی اننگ کے دوران سنچری 61 بالوں پر بنائی تھی۔ وہ اس اننگ میں74بالوں پر11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے121 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

معین علی کی 53 بالوں پربنائی گئی سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پانچویں سب سے تیز سنچری تھی۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیرس کے پاس ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جوہانسبرگ میں18 جنوری2015 کو اپنی149 رن کی اننگ کے دوران31 بالوں پر سنچری مکمل کی تھی۔انہوں نے 44بالوں پر 9چوکوں اور16 چھکوں کی مدد سے149 رن بنائے تھے۔

کوری اینڈرسن کو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوسری سب سے تیز سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوئنس ٹاون میں یکم جنوری2014 کو131 رن کی اننگ کے دوران سنچری صرف 36 بالوں پر مکمل کی تھی۔ وہ47 بالوں پرچھ چھکوں اور14 چوکوں کی مدد سے131 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔ اسی میچ میں جیسی رائڈرس نے46 بالوں پرسنچری بنائی تھی جو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔ وہ 51بالوں پر12 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے104 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

ابراہم ڈی ویلیرس نے سڈنی میں27 فروری2015 کو جب 66 بالوں پر17 چوکوں اورآٹھ چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر162رن بنائے تھے۔ سنچری52 بالوں پر مکمل کی تھی جو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچویں سب سے تیز سنچری ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔