متھن منہاس بی سی سی آئی کے نئے صدر، روجر بنّی کی جگہ سنبھالیں گے ذمہ داری

راجیو شکلا بی سی سی آئی کے نائب صدر کے عہدے برقرار ہیں جبکہ دیوجیت سیکیا بورڈ سکریٹری کی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ پہلی مرتبہ جموں و کشمیر سے کوئی کھلاڑی بی سی سی آئی کا صدر منتخب ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>متھن منہاس/ تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے نئے صدر کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ امید کے مطابق دہلی کے سابق کپتان متھن منہاس کو روجر بنّی کی جگہ پر اس عہدہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ متھن نے کچھ دن پہلے ہی اس عہدے کے لیے درخواست دی تھی۔ اتوار 28 ستمبر کو دوپہر میں وہ بی سی سی آئی کے صدر دفتر ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔ بی سی سی آئی اے جی ایم میں ان کے نام پر مہر لگائی گئی۔ یہ پہلی بار ہے جب جموں و کشمیر سے کوئی کھلاڑی اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

وہیں دوسری طرف راجیو شکلا بی سی سی آئی کے نائب صدر کے عہدے پر بنے رہیں گے جبکہ دیوجیت سیکیا بورڈ سکریٹری کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق کرناٹک کے رگھورام بھٹ کو خزانچی بنایا گیا ہے جبکہ چھتیس گڑھ کرکٹ ایسو سی ایشن کے پربھتیج سنگھ بھاٹیہ کو جوائنٹ سکریٹری بنایا گیا ہے۔ اس طرح سے گزشتہ کافی دنوں سے جاری سبھی قیاس آرائیوں پر اب لگام لگ گیا ہے۔


جموں و کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن (جے کے سی اے) کے رکن رہے سابق کرکٹر متھن منہاس کو آج بی سی سی آئی کا نیا باس بنائے جانے پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا، ’’جشن منانے کا ایک یادگار موقع۔ متھن منہاس کو باضابطہ طور پر بی سی سی آئی کا نیا صدر اعلان کیا گیا ہے۔ جموں اور کشمیر کے سب سے دور دراز ضلعوں میں سے ایک ڈوڈہ کے لیے یہ دن کتنی بڑی حصولیابی ہے، اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ یہ ضلع میری اپنا مقام پیدائش بھی ہے۔ کچھ ہی گھنٹوں کے اندر دو بڑی خبریں آئی ہیں۔ پہلے کشتوار کی بیٹی شتیل عالمی چمپئن بن کر چمکتی ہے اور اس کے کچھ وقت بعد متھن اس بڑے عہدے کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔‘‘

45 سال کے متھن منہاس ہندوستانی کرکٹ میں طویل عرصے تک گھریلو کرکٹ کے اسٹار رہے۔ منہاس گھریلو کرکٹ میں دہلی کی ٹیم کے لیے کھیلے۔ انہوں نے 98-1997 سے لے کر 17-2016 تک کے طویل کیریئر میں 157 فرسٹ کلاس، 130 لسٹ اے اور 91 ٹی-20 مقابلے کھیلے۔ انک ے نام 9714 فرسٹ کلاس رن درج ہیں۔


متھن کو بھلے ہی ٹیم انڈیا کے لیے کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن آئی پی ایل میں وہ تین فرنچائزی کے لیے کھیلے۔ ان میں دہلی ڈیئر ڈیولس، پونے واریئرس اور چنئی سپرکنگس شامل ہیں۔ حال فی الحال میں وہ جمو و کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن (جے کے سی اے) کے ایڈمنسٹریٹر رہے اور اس سے پہلے دلیپ ٹرافی کےل یے نارتھ زون کے کنوینر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آئی پی ایل ٹیم گجرات ٹائٹنس کے سپورٹ اسٹاف کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔