ملبورن ٹیسٹ: شاندار آغاز کے بعد آسٹریلیائی پاری لڑکھڑائی، پہلے دن 6 وکٹ پر 311 رن بنائے، بمرہ نے جھٹکے 3 وکٹ
سلامی بلے باز سیم کانسٹاس نے پہلے ہی میچ میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 65 گیندوں میں 60 رن بنائے۔ عثمان خواجہ، مارنس لابوشین اور اسٹیون اسمتھ نے بھی نصف سچنری بنائی۔

ملبورن ٹیسٹ کے دوران ایک منظر، تصویر 'ایکس'@OneCricketApp
بارڈر-گواسکر ٹرافی کے تحت ملبورن میں کھیلے جا رہے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا نے شاندار آغاز کے بعد لڑکھڑاتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 311 رن بنا لیے ہیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک اسٹیو اسٹیم 68 رن اور پیٹ کمنس 8 رن بنا کریز پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی طرف سے 4 بلے بازوں نے کھیل کے پہلے دن نصف سنچری بنائی۔ سلامی بلے باز سیم کانسٹاس نے اپنے پہلے ہی میچ میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے صرف 65 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 60 رن بنائے۔ اپنی اننگز کے دوران انہوں نے اس وقت سبھی کو حیران کر دیا جب بمرہ کی گیند پر 2 شاندار چھکے لگا ڈالے۔ دوسرے سلامی بلے باز عثمان خواجہ نے 57 رن بنائے وہ جسپریت بمرہ کا شکار ہوئے۔ اس کے علاوہ مارنس لابوشین نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 72 رنوں کی اننگز کھیلی۔
ایک وقت آسٹریلیا نے صرف 2 وکٹ کے نقصان پر 237 رن بنا لیے تھے۔ لیکن اس کے بعد لگاتار وکٹ گرے اور تھوڑی ہی دیر میں آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹ پر 246 رن ہو گیا۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکے ٹریوس ہیڈ اس میچ میں ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کھاتہ کھولے بمرہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد مشیل مارش بھی صرف 4 رن بنا کر چلتے بنے۔ وہ بھی بمرہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 5 وکٹ گرنے کے بعد بلے بازی کرنے آئے وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری نے اچھی بلے بازی کی اور اسمتھ کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 53 رن جوڑے۔ انہوں نے 31 رنوں کا تعاون دیا۔ کیری کو آکاش دیپ نے آؤٹ کیا۔
ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمرہ نے ایک بار پھر شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 3 وکٹ جھٹکے جبکہ رویندر جڈیجہ، آکاش دیپ اور واشنگٹن سندر کو 1-1 کامیابی ملی۔ اس سے پہلے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے شبھمن گل کی جگہ واشنگٹن سندر کو موقع دیا گیا ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز میں فی الحال دونوں ٹیمیں 1-1 مقابلہ جیت کر برابری پر ہیں۔ تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔
آسٹریلیائی ٹیم:
عصمان خواجہ، سیم کونسٹاس، مارنس لابوشین، اسٹیو استمھ، ٹریوس ہیڈ، مشیل مارش، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنس (کپتان)، مشیل اسٹارک، ناتھن لیون اور اسکاٹ بولینڈ۔
ہندوستانی ٹیم:
یشسوی جیسوال، روہت شرما، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر، آکاش دیپ، جسپریت بمرہ اور محمد سراج۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔