عالمی کپ: انگلینڈ اور پاکستان عالمی ریکارڈ یافتہ پچ پر مدِ مقابل!

دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور میزبان انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پیر کو ہونے والا ورلڈ کپ مقابلہ اس پچ پر کھیلا جائے گا جو عالمی ریکارڈ اسكورز کے لئے جانی جاتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ناٹنگھم: دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور میزبان انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پیر کو ہونے والا ورلڈ کپ مقابلہ اس پچ پر کھیلا جائے گا جو عالمی ریکارڈ اسكورز کے لئے جانی جاتی ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے گیند بازوں کو اس پچ پر کافی احتیاط برتنی ہوگی کیونکہ اس پچ پر انگلینڈ نے سب سے زیادہ ون ڈے اسکور کا عالمی ریکارڈ دو بار توڑا ہے۔ انگلینڈ نے گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹ پر 481 رن کا بڑا اسکور بنایا تھا جبکہ اس نے اس سے پہلے 2016 میں پاکستان کے خلاف تین وکٹ پر 444 رن بنائے تھے۔

یہ پچ اس پچ سے بالکل مختلف ہے جس پر پاکستان کی ٹیم جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف محض 105 رن پر لڑھک گئی تھی۔ لیکن پاکستان موجودہ وقت میں ون ڈے کرکٹ کے لئے بہترین بیٹنگ پچ پر واپسی کی امید کر سکتا ہے۔ اس ورلڈ کپ کے لئے سمجھا جا رہا تھا کہ بڑا اسکور بنیں گے لیکن ایشیا کی ٹیموں کو ابھی تک جدوجہد کرنا پڑا ہے۔


پاکستان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 105 اور سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 136 رن ہی بنا پائی تھی جبکہ افغانستان نے عالمی چمپئن آسٹریلیا کے خلاف 38.2 اوور میں 207 رن بنائے تھے۔ پاکستان کو انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف ہر حال میں واپسی کرنی ہوگی جس نے جنوبی افریقہ کے خلاف 311 رن بنانے کے بعد 104 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان کے بلے بازوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شارٹ گیندوں سے پریشان ہونا پڑا تھا اور اب انگلینڈ کے خلاف میچ میں ان کے سامنے جوفرا آرچر کا چیلنج ہوگا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو اپنی رفتار اور اچھال سے دهلايا تھا۔ لیکن بڑے اسکور والی پچ پر وہ کیسی بولنگ کریں گے، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔


انگلینڈ اس مقابلے میں پاکستان کو پریشانی میں ڈالنے کے لئے الیون میں مارک ووڈ کو شامل کر سکتا ہے جو آرچر جتنے ہی تیز مانے جاتے ہیں۔ ووڈ نے ہفتہ کو نیٹس پر مکمل رفتار کے ساتھ گیند بازی کی تھی اور وہ انتخاب کے لئے فٹ اور دستیاب ہیں۔ اگر ووڈ کو الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو لیام پلنکٹ کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے، اگرچہ ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی رہی تھی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کرس ووکس نے پانچ اور آرچر نے سات اوور ڈالے تھے، اس لئے دونوں تازہ دم اور کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔
انگلینڈ کے بلے بازی کوچ گراہم تھورپ نے کہا کہ ووڈ کو کھیلنے پر بات کی جائے گی اور اس پر کپتان فیصلہ کریں گے۔

پاکستان نے اپنے پچھلے مقابلے میں کافی خراب بلے بازی کی تھی لیکن اس کے پاس محمد عامر اور وہاب ریاض کے طور پر اچھے فاسٹ بولر ہیں جو انگلینڈ کو پریشانی میں ڈال سکتے ہیں لیکن اس کے لیے انہیں اپنے بلے بازوں سے اچھے اسکور کی توقع کرنی ہو گی تاکہ مخالف ٹیم پر دباؤ بنایا جاسکے۔


ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے سب سے زیادہ 22-22 رن بنائے تھے جبکہ محمد حفیظ نے 16 اور 10 ویں نمبر کے بلے باز وہاب ریاض نے 18 رن بنائے تھے۔ دوسری طرف انگلینڈ کی جنوبی افریقہ پر یکطرفہ جیت میں بین اسٹوکس (89)، کپتان مورگن (57)، اوپنر جیسن رائے (54) اور جو روٹ (51) نے شاندار نصف سنچری بنائی تھیں ۔

انگلینڈ نے ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کو اپنی زمین پر پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 سے شکست دی تھی۔ پاکستان ون ڈے میں مسلسل 11 میچ ہار چکا ہے اور وہ اپنے اس ریکارڈ کو اور شرمناک ہونے سے محفوظ رکھنا چاہے گا اور ٹورنامنٹ میں مضبوط واپسی کرنا چاہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔