ملنگا کا نوجوانوں کو میچ ونر بننے کا مشورہ

ملنگا نے اپنے ملک کے مستقبل کے تیز گیند بازوں سے اچھی کارکردگی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے کپتانوں نے مجھ سے ہمیشہ وکٹ لینے کی توقع کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولمبو: لست ملنگا نے سری لنکا کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد ملک کے مستقبل کے کرکٹروں کو 'میچ فاتح' بننے کی صلاح دی ہے۔ ملنگا نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ون ڈے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیا۔ اپنی ٹیم کی 91 رن کی جیت میں انہوں نے 38 رن پر تین وکٹ لئے اور کامیابی کے ساتھ اپنی ٹیم کو الوداع کہا۔

ملنگا نے 226 میچوں میں 338 وکٹوں کے ساتھ کرکٹ کو الوداع کہا اور آل ٹائم لسٹ میں ہندستان کے انل کمبلے سے آگے نویں نمبر پر رہے۔ کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں اپنے آخری میچ کی آخری گیند پر انہوں نے وکٹ لے کر خوشگوار الوداعی لی۔


ملنگا نے میچ کے بعد کہا کہ یہ ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے تاکہ اگلے عالمی کپ سے پہلے ان کی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑی تیار ہو سکیں۔ انہوں نے ملک کے مستقبل کے تیز گیند بازوں سے اچھی کارکردگی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے کپتانوں نے مجھ سے ہمیشہ وکٹ لینے کی توقع کی ہے۔ میں نے اپنے پورے کیریئر میں اسی کی کوشش کی۔ میں توقع کرتا ہوں کہ ملک کے نوجوان کھلاڑی بھی ایسا کریں گے۔ اگر آپ کرکٹ میں صرف بنے رہنا چاہتے ہیں تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ آپ کو میچ فاتح بننا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ میں مستقبل میں بھی ایسا دیكھنا چاہتا ہوں۔ نئے نوجوان گیند بازوں کو میچ فاتح کارکردگی ضروری ہے تاکہ لوگ کہیں کہ یہ میچ فاتح بولر ہیں۔ ان میں ایسی صلاحیت ہونی چاہیے اور ہمیں اس کے لیے کوشش کرنی ہوں گی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں سری لنکا کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ملنگا نے گھریلو شائقین کے سامنے کرکٹ کو الوداع کہا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آخری 15 سال سری لنکا کے لیے کھیلا ہے، یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میں خوش ہوں کہ اپنے گھریلو شائقین کے سامنے ریٹائر منٹ لے سکا۔ بنگلہ دیش سے سیریز کے افتتاحی میچ میں آرپریما داسا اسٹیڈیم کو بڑے خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا اور ملنگا کی بڑی تصاویر اور کٹ آؤٹ گراؤنڈ میں مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے، میچ کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا، ساتھی کھلاڑیوں نے ملنگا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔


حالیہ سیریز کے دیگر 2 میچوں میں رائٹ آرم پیسر ڈوسان شناکا سری لنکا کی نمائندگی کریں گے۔ لست ملنگا جاتے جاتے بھی سری لنکا کو فتح کا تحفہ دے گئے، انھوں نے اپنے الوداعی میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں، پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کو91 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، فاتح ٹیم کے کوشل پریرا نے سنچری بنائی جبکہ نوان پردیپ نے بھی3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کے مشفق اور شبیر رحمن کی نصف سنچریاں کسی کام نہ آئیں۔

سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیتنے پر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم نے کوشل پریرا کی برق رفتار سنچری سے تقویت پاکر مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 314 رنز بنائے، پریرا نے17چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 99 گیندوں پر111 رنز اسکور کیے، یہ ان کی پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل سنچری ثابت ہوئی، پریرا کو 49 کے انفرادی اسکور پر ایک جیون دان ملا، تھرڈ امپائر نے شفیع کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ کا فیصلہ تبدیل کردیا۔


پریرا اور کرونارتنے کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت ہوئی۔ اس میں کرونا رتنے کا حصہ 36رنز رہا، پریرا نے پھر تیسرے وکٹ کے لئے کوشل مینڈس کے ساتھ مزید 100 رنز کا اضافہ کیا، مینڈس 43 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، اس سے قبل مینڈس کو28 کے اسکور پر موقع میسر آیا، جب سومیہ سرکار کی گیند پر محموداللہ نے کیچ ڈراپ کردیا، میتھیوز 48 اور تھریمانے 25 رنز بناکر نمایاں رہے، شفیع الاسلام نے 3 اور مستفیض الرحمن نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

جوابی اننگز میں بنگال ٹائیگرز 41.4 اوورز میں 223 رنز پر حوصلہ ہار گئے، مشفق 67 اور شبیر رحمن 60 رنز کی کاوشیں ٹیم کو فتح دلانے کے لئے ناکافی ثابت ہوئیں، ونڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کے 14 ویں کپتان کا اعزاز پانے والے تمیم اقبال صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، نووان پردیپ اور لست ملنگا نے3،3 وکٹیں لیں، دھننجے ڈی سلوا نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔