خوشی کا لمحہ غم میں بدل گیا، بنگلورو بھگدڑ واقعہ پر کوہلی نے توڑی خاموشی، کہا ’آپ کا درد اب ہماری کہانی...‘

4 جون کو بنگلورو میں آر سی بی کی ’فتح جشن‘ کے دوران بھگدڑ میں 11 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ مہلوکین کے ورثا کو آر سی بی کیئرس کی طرف سے حال ہی میں 25 لاکھ روپے دیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وراٹ کوہلی (فائل)، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی نے 4 جون کو بنگلورو میں ہوئے بھگدڑ واقعہ پر اپنی خاموشی توڑی ہے۔ اس افسوسناک حادثے میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ کئی فینس ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر اس وقت پیش آیا تھا جب آر سی بی 18 سال طویل انتظار کے بعد آئی پی ایل ٹرافی جیت کا جشن منا رہی تھی جبکہ فینس بھی خوشی سے جھوم رہے تھے۔ بھگدڑ کی وجہ سے خوشی کا ماحول چند لمحوں میں غم میں تبدیل ہو گیا۔

وراٹ کوہلی نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں حادثے میں جان گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ ٹیم آگے چل کر زیادہ احتیاط، احترام اور ذمہ داری کے ساتھ قدم اٹھائے گی۔ کوہلی کا یہ بیان ٹیم کی ’آر سی بی کیئرس‘ پہل کا حصہ ہے، جس کے تحت مستقبل میں بھیڑ انتظام کو بہتر بنانے اور ایسے واقعات کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔


وراٹ کوہلی نے کہا، ’’زندگی میں آپ کو کبھی بھی ایسے دل توڑنے والے حادثوں کے لیے تیار نہیں کیا جاتا جیسا کہ 4 جون کو ہوا۔ یہ ہماری فرنچائزی کی تاریخ کا سب سے خوشحال لمحہ ہوبنا چاہیے تھا لیکن یہ ایک تباہی میں بدل گیا۔ میں ان خاندانوں کے بارے میں سوچ رہا ہوں اور پرارتھنا کر رہا ہوں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا، اور ان فینس کے لیے بھی جو زخمی ہوئے، آپ کا نقصان اب ہماری کہانی کا حصہ ہے۔ ہم سب مل کر آگے بڑھیں گے، احتیاط، احترام اور ذمہ داری کے ساتھ۔‘‘

بنگلورو بھگدڑ واقعہ کے بعد جسٹس کُنہا کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایم۔ چناسوامی اسٹیڈیم بڑے عوامی انعقاد کے لیے مناسب نہیں ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسٹیڈیم کا ڈیزائن اور بناوٹ بڑے پیمانے پر بھیڑ کے لیے غیر محفوظ ہے۔ کمیشن نے صاف کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے انعقاد کی میزبانی کرنا عوامی تحفظ کے لیے جوکھم بھرا ہوگا۔ کمیشن نے اس حادثے کے لیے آر سی بی، ڈی این اے انٹرٹینمینٹ اور کے ایس سی اے کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے.


بنگلورو بھگدڑ میں 11 فینس نے جان گنوائی تھی جبکہ 33 لوگ بُری طرح زخمی ہوئے تھے۔ جان گنوانے والے لوگوں کو آر سی بی کیئرس کی طرف سے حال ہی میں 25 لاکھ روپے دیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس واقعہ کے بعد سے اب تک بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کوئی بھی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا گیا ہے۔ خواتین عالمی کپ 2025 کے کچھ مقابلے یہاں کھیلے جانے تھے لیکن اب انہیں ممبئی کے ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔