اپنی خطرناک گیندبازی سے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے جسپریت بمراہ کو ملی ’ٹیسٹ ٹیم‘ کی کپتانی
کرکٹ آسٹریلیا کی میڈیا ویب سائٹ ’کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو‘ نے ملبورن ٹیسٹ کے ایک دن بعد یعنی 31 دسمبر کو سال 2024 کی بیسٹ ٹیسٹ ٹیم کا انتخاب کیا ہے، اس ٹیم کی کپتانی جسپریت بمراہ کو سونپی گئی ہے۔

تصویر 'ایکس'@ESPNcricinfo
ملبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے بعد کئی لوگ روہت شرما کی جگہ جسپریت بمراہ کو کپتان بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایسا کچھ ہوتا ہوا دکھائی تو نہیں دے رہا، لیکن ایک خاص ٹیم کی کپتانی جسپریت بمراہ کو ضرور سونپی گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی میڈیا ویب سائٹ ’کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو‘ نے ملبورن ٹیسٹ ختم ہونے کے ٹھیک ایک دن بعد، یعنی 31 دسمبر کو اپنی طرف سے اس سال کی بیسٹ ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ اسی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی جسپریت بمراہ کو سونپی گئی ہے۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ بارڈر-گواسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کو 1-2 سے سبقت دلانے والے اور بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پیش کرنے والے پیٹ کمنز کو کرکٹ آسٹریلیا نے بیسٹ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا۔ اس ٹیم میں ہندوستان کے 2 کھلاڑیوں جسپریت بمراہ اور یشسوی جیسوال کو شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کی الگ الگ کرکٹ ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں کو اس ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ذریعہ منتخب اس ٹیسٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کی بات کریں تو 2024 میں سب سے زیادہ رن بنانے والے جو روٹ کو بھی جگہ ملی ہے۔ ان کے علاوہ انگلینڈ کے سلامی بلے باز بین ڈکیٹ، نیوزی لینڈ کے نوجوان بلے باز رچن رویندر، انگلینڈ کے ہیری بروک، سری لنکا کے کمنڈو مینڈس، آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز ایلیکس کیری، نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز میٹ ہنری، آسٹریلیا کے تیز گیندباز جوش ہیزل ووڈ اور جنوبی افریقہ کے اسپن گیندباز کیشو مہاراج کو اس پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو انگلینڈ کے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ ہندوستان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے 2-2 کھلاڑیوں کے علاوہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے 1-1 کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
بہرحال، جسپریت بمراہ کی کپتانی کی بات کریں تو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی دیکھ کر وہ اس اعزاز کے حقدار نظر آتے ہیں۔ اس سال سبھی بلے بازوں میں ان کی دہشت صاف دیکھنے کو ملی ہے۔ بمراہ نے 2024 میں سب سے زیادہ 71 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ موجودہ بارڈر-گواسکر ٹرافی میں بمراہ نے 4 میچوں میں ابھی تک سب سے زیادہ 30 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست بھی دی تھی۔ اس میچ میں خود بمراہ نے سب سے زیادہ 9 وکٹ لیے تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ذریعہ منتخب بیسٹ ٹیسٹ ٹیم اس طرح ہے: یشسوی جیسوال، بین ڈکیٹ، جو روٹ، رچن رویندر، ہیری بروک، کمنڈو مینڈس، ایلیکس کیری (وکٹ کیپر)، میٹ ہنری، جسپریت بمراہ (کپتان)، جوش ہیزل ووڈ، کیشو مہاراج۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔