’میں واپس آ رہا ہوں‘، بمراہ کے جلد ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کا امکان، خود پوسٹ شیئر کر کیا انکشاف

بمراہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تصویروں پر مبنی ایک ویڈیو کولاز شیئر کیا ہے جس میں وہ نیٹ سیشن کے دوران گیندبازی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تقریباً ایک سال سے مسابقتی کرکٹ سے دور رہے ہندوستان کے تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر نیٹ سیشن کی تصویروں پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایکشن میں ممکنہ واپسی کا اشارہ دیا ہے۔ بمراہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو کولاز شیئر کیا ہے جس میں وہ نیٹ سیشن کے دوران گیندبازی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں پاپ ایکٹ ڈِڈی-ڈَرٹی منی کا گانا ’آئی ایم کمنگ ہوم‘ بج رہا ہے جو ان کی ٹیم میں دیرینہ واپسی کا اشارہ دیتا ہے۔

ہندوستانی ٹیم نے بمراہ کی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ہمیں ہندوستانی ٹیم میں آپ کی واپسی کا انتظار ہے۔‘‘ کرکٹ شیدائیوں نے بھی بڑی تعداد میں ویڈیو پر تبصرہ کیا ہے اور بمراہ کو جلد واپسی کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔


واضح رہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں اشارہ دیا گیا تھا کہ بمراہ آئندہ ماہ آئرلینڈ دورے کے دوران ایکشن میں واپسی کر سکتے ہیں۔ 29 سالہ بمراہ گزشتہ سال ستمبر کے آخر سے مسابقتی کرکٹ سے باہر ہیں، جب انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو میچ کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ٹی-20 سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ ان کی پیٹھ کی چوٹ دوبارہ ابھرنے کے سبب وہ گزشتہ سال یو اے ای میں ایشیا کپ اور آسٹریلیا میں ٹی-20 عالمی کپ کھیلنے سے محروم رہ گئے تھے۔

اس تیز گیندباز نے رواں سال جنوری میں سری لنکا کے خلاف یک روزہ سیریز کے لیے واپسی کی کوشش کی، لیکن بی سی سی آئی نے انھیں مکمل فٹ نس حاصل کرنے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے احتیاطی تدبیر کی شکل میں فیصلہ لیتے ہوئے گواہاٹی میں یک روزہ سیریز کے افتتاح سے قبل کی شام انھیں واپس بلا لیا۔ اس کے بعد مارچ میں نیوزی لینڈ میں ان کی پیٹھ کی سرجری ہوئی اور تب سے وہ بنگلورو میں این سی اے (نیشنل کرکٹ اکیڈمی) میں فٹ نس حاصل کر رہے ہیں۔ ’انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق این سی اے چیف وی وی ایس لکشمن کی نگرانی میں بمراہ اپنا ریہیب پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ نیٹس پر پورے جوش کے ساتھ گیندبازی کر رہے ہیں۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وہ نیٹ پر 8 سے 10 اوور گیندبازی کر رہے ہیں۔


بتایا جاتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سلیکٹرس اور ٹیم مینجمنٹ ستمبر میں ایشیا کپ کے لیے بمراہ کو ٹیم میں شامل کرنا چاہ رہے تھے، لیکن ایسا ممکن نہیں ہوا۔ حال کے دنوں میں بمراہ نے جو فٹ نس حاصل کی ہے، اس سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ دوسری صف کے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ آئرلینڈ کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ان کے سفر پر فیصلہ آنے والے کچھ دنوں میں لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔