آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ میں ایشان کشن نے لگائی زبردست چھلانگ، ٹاپ-10 میں ماری انٹری
گزشتہ دونوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے ابھیشیک شرما کو درجہ بندی میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے، وہ اب بھی نمبر-1 ٹی-20 بلے باز ہیں، ان کے 891 پوائنٹس ہیں۔

آئی سی سی نے بدھ (18 فروری) کو رینکنگ اپڈیٹ کر دی ہے، جس میں ایشان کشن ٹاپ-10 میں شامل ہو گئے ہیں۔ ایشان کشن نے پاکستان کے خلاف 40 گیندوں میں 77 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔ اس سے قبل کے میچ میں بھی نامیبیا کے خلاف بھی انہوں نے نصف سنچری اسکور کی تھی۔ ایشان کشن کو 17 درجے کا فائدہ ہوا ہوے، ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں پہلی سنچری اسکور کرنے کے بعد پاتھم نسانکا کو بھی 3 درجے کا فائدہ ہوا ہے۔ گزشتہ دونوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے ابھیشیک شرما کو درجہ بندی میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے، وہ اب بھی نمبر-1 ٹی-20 بلے باز ہیں۔
ایشان کشن پاکستان کے خلاف پلیئر آف دی میچ منتخب کیے گئے تھے۔ آر پریمداسا کی پچ گیند بازوں کے لیے مددگار تھی، جس پر ایشان کشن نے 77 رنوں کی بہترین اننگ کھیلی تھی۔ دہلی میں نامیبیا کے خلاف بھی ایشان کشن نے 61 رن بنائے تھے۔ ان 2 شاندار اننگ کا انعام انہیں آئی سی سی نے دیا، وہ 17 درجے اوپر آ کر ٹاپ-10 میں شامل ہو گئے ہیں۔
کچھ ہفتہ قبل تک ایشان کشن آئی سی سی درجہ بندی کے ٹاپ-50 میں بھی نہیں تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں انہوں نے جو فارم حاصل کیا تھا، اسی کو ٹی-20 ورلڈ کپ میں بھی جاری رکھا اور ٹاپ-10 میں شامل ہو گئے۔ ایشان کشن ابھی 732 پوائنٹس کے ساتھ درجہ بندی میں 8 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ تلک ورما بھی ایک درجہ کی بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، ان کے 751 پوائنٹس ہیں۔
اپنی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج سے باہر کرنے والے پاتھم نسانکا 3 درجے کی بہتری کے ساتھ درجہ بندی میں 786 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ درجہ بندی میں پہلے مقام پر قائم ہندوستانی ٹیم کے بلے باز ابھیشیک شرما ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے ہیں۔ امریکہ کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے والے ابھیشیک نامیبیا کے خلاف نہیں کھیلے تھے۔ پاکستان کے خلاف انہوں نے واپسی کی لیکن اس میں بھی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ ہندوستان کا گروپ اسٹیج میں آخری میچ آج نیدرلینڈ کے ساتھ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔