آئی پی ایل نیلامی: بی سی سی آئی نے جاری کی 590 کھلاڑیوں کی فہرست، کرس گیل کا نام غائب

اس مرتبہ نیلامی میں 370 ہندوستانی کھلاڑی شامل ہو رہے ہیں، جبکہ 220 غیر ملکی کھلاڑی ہیں، غیر ملکی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ آسٹریلیا (47)، ویسٹ انڈیز (34) اور جنوبی افریقہ (33) کے ہیں۔

آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
آئی پی ایل، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے لیے میگا آکشن یعنی نیلامی سے پہلے ان سبھی کھلاڑیوں کی مکمل فہرست جاری کر دی گئی ہے جو نیلامی کے لیے موجود رہیں گے۔ بی سی سی آئی نے منگل کے روز 590 کرکٹروں کی فہرست جاری کی اور اب 12 و 13 فروری کا انتظار ہے جب بنگلورو میں کھلاڑیوں کی بولی لگائے جائے گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جو فہرست بی سی سی آئی نے جاری کی ہے اس میں تیز طرار بلے باز کرس گیل اور اے بی ڈیویلیرس کا نام شامل نہیں ہے۔ یعنی کرس گیل اور ڈیویلیرس نے آئی پی ایل سے دوری بنا لی ہے۔

اس مرتبہ آئی پی ایل میں شریئس ایر، شکھر دھون، روی چندرن اشون، محمد شامی، ایشان کشن، اجنکیا رہانے، سریش رینا، یجویندر چہل جیسے مشہور و معروف ہندوستانی کھلاڑیوں کی بولی لگائی جائے گی۔ اس بار جن 590 کرکٹرس کی بولی لگنے جا رہی ہے، ان میں 228 کیپڈ کھلاڑی ہیں، جب کہ 355 اَن کیپڈ ہیں۔ ان کے علاوہ 7 کھلاڑی ایسو سی ایٹ ممالک سے بھی ہیں۔


بین الاقوامی کھلاڑیوں کی بات کریں تو اس بار فاف ڈپلیسی، ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنس، کگیسو رباڈا، ٹرینٹ بولٹ، کوئنٹن ڈیکوک، جانی بیرسٹو، جیسن ہولڈر، ڈوین براوو، شکیب الحسن جیسے نام فہرست میں شامل ہیں۔ اس بار کی نیلامی میں 48 ایسے کھلاڑی ہیں جن کا بیس پرائس 2 کروڑ روپے ہے، جب کہ 20 کھلاڑی ایسے ہیں جو ڈیڑھ کروڑ روپے کی بریکٹ میں آتے ہیں۔ ساتھ ہی 34 کھلاڑیوں کا نام ایک کروڑ کی بیس پرائس میں ہے۔ اس مرتبہ نیلامی میں 370 ہندوستانی کھلاڑی شامل ہو رہے ہیں، جب کہ 220 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ آسٹریلیا (47)، پھر ویسٹ انڈیز (34) اور جنوبی افریقہ (33) کھلاڑی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔