آئی پی ایل: گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا کی ممبئی انڈینس میں واپسی!

کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق ہاردک پانڈیا کا ٹرانسفر ممبئی انڈینس میں ہو گیا ہے، اس کے مطابق آئی پی ایل فرنچائزی ممبئی انڈینس اور گجرات ٹائٹنس نے معاہدہ پر دستخط کر لیا ہے۔

ہاردک پانڈیا، تصویر بشکریہ بی سی سی آئی
ہاردک پانڈیا، تصویر بشکریہ بی سی سی آئی
user

قومی آوازبیورو

آئی پی ایل 2024 کی نیلامی سے قبل 26 نومبر کو سبھی 10 فرنچائزی کو اپنے ریٹین اور ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست دینی تھی۔ آئی پی ایل 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 19 دسمبر کو دبئی میں ہونی ہے۔ اس سے قبل کئی فرنچائزی نے آج حیران کرنے والے فیصلے لیتے ہوئے بڑے کھلاڑیوں کو باہر کا راستہ دکھایا ہے۔ کھلاڑیوں کو ریٹین اور ریلیز کے لیے مقرر وقت ختم ہونے کے بعد ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ گجرات ٹائٹنس کے کپتان ہاردک پانڈیا ممبئی انڈینس ٹیم سے جڑ گئے ہیں۔

دراصل ہاردک پانڈیا کو گجرات ٹائٹنس نے ریٹین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ لیکن کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ہاردک پانڈیا کا ٹرانسفر ممبئی انڈینس میں ہو گیا ہے۔ اس کے مطابق آئی پی ایل فرنچائزی ممبئی انڈینس اور گجرات ٹائٹنس نے معاہدہ پر دستخط کر لیا ہے۔ حالانکہ گجرات ٹائٹنس کو اس کے بدلے کھلاڑی نہیں دیا گیا ہے۔ جب فرنچائزی ٹریڈ ڈیل کرتی ہے تو کھلاڑیوں کا پھیر بدل ہوتا ہے۔


واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا 2022 میں کپتان کے طور پر گجرات ٹائٹنس سے جڑے تھے اور ٹیم کو پہلے ٹورنامنٹ میں چمپئن بنا دیا تھا۔ ان کی قیادت میں ٹیم آئی پی ایل 2023 کے فائنل میں بھی پہنچی تھی جس میں اسے چنئی سپرکنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رٹینشن کے آخری دن سے پہلے ایسی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ پانڈیا آئی پی ایل 2024 سے پہلے گجرات ٹائٹنس کے ساتھ اپنے دو سال کے انسلاک کو ختم کر کے ممبئی انڈینس میں پھر سے شامل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ممبئی کی ٹیم نے آئی پی ایل 2024 کے لیے روہت شرما کو کپتان بنایا ہے۔ حالانکہ روہت کے کیریئر کو دیکھتے ہوئے فرنچائزی مستقبل کی طرف بھی دیکھ رہی ہے اور اب اس ٹریڈ کے کنفرم ہونے کے بعد طے ہو گیا ہے کہ آنے والے وقت میں ہاردک ممبئی کی قیادت کریں گے۔ ہاردک پانڈیا کی ایک سیزن کی فیس 15 کروڑ روپے ہے، لیکن ممبئی اور گجرات فرنچایزی کے درمیان معاہدہ کتنے روپے میں طے ہوا ہے، اس سلسلے میں کوئی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ٹریڈ میں صرف نقد لین دین شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔