آئی پی ایل نیلامی 2022: کشن نے لوٹا سب سے زیادہ پیسہ، دیپک چاہر بھی فائدے میں

نیلامی کے پہلے دن مہنگی قیمتوں پر خریدے جانے والے سرفہرست چار کھلاڑیوں میں سبھی ہندوستانی کرکٹر ہیں، ایشان کشن کو ممبئی نے سب سے زیادہ 15.25 کروڑ روپے میں خریدا۔

ایشان کشن، تصویر آئی اے این ایس
ایشان کشن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں آئی پی ایل 2022 کے لیے میگا نیلامی کے پہلے دن کھلاڑیوں پر پیسوں کی خوب بارش ہوئی۔ پہلے ہی دن کئی مشہور کھلاڑیوں نے اپنے حصے میں کروڑوں کی رقم جمع کر لی۔ کئی ایسی ٹیمیں ہیں جنھوں نے اچھے کھلاڑیوں کو حاصل کرنے کے لیے پیسہ لٹانے میں کنجوسی نہیں کی۔ کمائی کرنے والے کرکٹروں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا نام ہی زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔ اگر سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 5 کھلاڑیوں کی بات کریں تو پہلے چار نمبر پر تو ہندوستان کے ہی کھلاڑی ہیں اور پانچویں کھلاڑی ہیں ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن۔

ہندوستانی کرکٹر ایشان کشن کے لیے آئی پی ایل نیلامی بے حد یادگار رہی ہے۔ انھیں ممبئی انڈینز نے 15.25 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ ممبئی انڈینز کے ساتھ ہی تھے۔ جھارکھنڈ کا یہ کھلاڑی سال 2018 میں 6.40 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا۔ ایشان نے ممبئی کے ساتھ گزشتہ دو سیزن میں 40 سے زیادہ اوسط اور 140 سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 757 رن بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ سیزن میں سنرائزرس کے خلاف 16 گیند میں تیز طرار 50 رن کی اننگ بھی کھیلی تھی۔


آئی پی ایل میگا نیلامی 2022 میں ہفتہ کے روز چنئی سپر کنگز نے دیپک چاہر کو 14 کروڑ روپے میں خریدا، وہ اس سال کی نیلامی میں دوسرے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ چاہر دوبارہ سے چنئی کے ساتھ جڑے ہیں۔ ہندوستانی بلے باز شیریئس ایر کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے انھیں 12.25 کروڑ روپے میں خریدا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج کی نیلامی میں تیسرے سب سے مہنگے اس کھلاڑی کو ٹیم کا کپتان بنایا جائے گا۔

ہندوستانی آل راؤنڈر شاردل ٹھاکر دہلی کیپٹلز کا حصہ بن گئے ہیں۔ شاردل کے لیے دہلی نے 10.75 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ پنجاب نے دہلی کو زبردست ٹکر دی تھی، لیکن بازی دہلی نے ہی ماری۔ شاردل اس سے پہلے چنئی کا حصہ تھے۔ ہندوستانی تیز گیندباز ہرشل پٹیل (جو آئی پی ایل 2021 میں بہترین گیندباز ثابت ہوئے تھے) کو ان کی فرنچائزی رائل چیلنجرس بنگلور نے 10.75 کروڑ روپے میں واپس پا لیا۔ دوسرے دور میں بلے بازوں اور آل راؤنڈر کھلاڑیوں کی بولی کو روکنا پڑا کیونکہ نیلامی کرنے والے ہیوگ ایڈمیڈس کو سری لنکا کے لیگ اسپنر وانندو ہسرنگا کی بولی کے درمیان پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔


آئی پی ایل میگا نیلامی 2022 میں نکولس پورن کو سنرائزرس حیدر آباد نے 10.75 کروڑ روپے میں حاصل کیا۔ گزشتہ سیزن میں وہ پنجاب کنگز کی طرف سے کھیلے تھے۔ اس بار وہ سنرائزرس حیدر آباد کی ٹیم میں اپنی صلاحیت دکھائیں گے۔ وانندو ہسرنگا کو کافی جدوجہد کے بعد رائل چیلنجرس بنگلورو نے خریدا۔ اس کے ساتھ ہی ہسرنگا آئی پی ایل میں فروخت ہونے والے سری لنکا کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

مہنگے کھلاڑیوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز لاکی فرگوسن بھی شامل ہیں۔ انھیں گجرات ٹائٹنس نے 10 کروڑ روپے میں خریدا۔ فرگوسن کے لیے دہلی، بنگلور اور لکھنؤ نے بھی خوب بولی لگائی تھی لیکن وہ گجرات کے حصے میں گئے۔ علاوہ ازیں ہندوستان کے جواں سال گیندباز پرسدھ کرشنا کو بھی 10 کروڑ روپے کی موٹی رقم ملی ہے۔ ان کو حاصل کرنے کے لیے لکھنؤ سپر جائنٹس اور راجستھان رائلز کے درمیان خوب رسہ کشی ہوئی۔ آخر میں راجستھان نے انھیں 10 کروڑ روپے میں اپنا بنا لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔