آئی پی ایل 2025: ایک بار پھر راجستھان کو قریبی مقابلے میں ملی شکست، بنگلورو نے 11 رنوں سے ہرایا

ایک وقت جیت راجستھان کے قریب نظر آ رہی تھی، لیکن انیسویں اوور میں جوش ہیزل ووڈ نے محض ایک رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، جس نے میچ کا رخ بنگلورو کی طرف موڑ دیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>

تصویر@IPL

user

قومی آواز بیورو

رائل چیلنجرس بنگلورو نے آخر کار آئی پی ایل 2025 میں گھریلو میدان پر چلی آ رہی شکست کے سلسلے پر بریک لگا ہی دیا۔ دوسری طرف راجستھان رائلز کی ٹیم ایک بار پھر قریبی مقابلے میں شکست سے دو چار ہو کر پلے آف کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو گئی۔ بنگلورو کے میدان پر گزشتہ لگاتار تین میچ ہارنے والی رجت پاٹیدار کی ٹیم نے ایک انتہائی دلچسپ مقابلے میں زوردار واپسی کرتے ہوئے راجستھان رائلز کو 11 رنوں سے شکست دے دی۔ ایک وقت جیت راجستھان کے قریب نظر آ رہی تھی، لیکن انیسویں اوور میں جوش ہیزل ووڈ نے محض ایک رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، جس نے میچ کا رخ بنگلورو کی طرف موڑ دیا۔

ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں اس سیزن کا بنگلورو کا یہ چوتھا میچ تھا۔ گزشتہ تین مقابلوں کی طرح ایک بار پھر گھریلو ٹیم بنگلورو کے کپتان رجت پاٹیدار ٹاس ہار گئے۔ اس بار بھی ان کی ٹیم کو پہلے بلے بازی کرنی پڑی۔ لیکن گزشتہ تین مقابلوں کے برعکس اس بار بنگلورو کی شروعات اچھی رہی اور پاور پلے میں ٹیم نے وکٹ کی جھڑی نہیں لگنے دی۔ وراٹ کوہلی اور فل سالٹ کی سلامی جوڑی نے 6.4 اوورس میں 61 رن کی بہترین شروعات دلائی۔ اس کے بعد کوہلی اور دیودت پڈکل نے ایک بار پھر راجستھان کے خلاف اپنی شاندار شراکت داری کا نظارہ پیش کیا۔ دونوں نے مل کر دوسرے وکٹ کے لیے محض 51 میں 95 رنوں کی بہترین شراکت داری کی۔ کوہلی اور پڈکل کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے بنگلورو نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 205 رنوں کا اسکور کھڑا کیا۔


اس کے جواب میں راجستھان کے لیے یشسوی جیسوال نے دھماکہ خیز شروعات کرتے ہوئے پاری کی پہلی ہی گیند پر چھکا جما دیا۔ جیسوال نے ویبھو شوریہ ونشی کے ساتھ مل کر پانچویں اوور میں ہی ٹیم کو 50 رنوں کے پار پہنچا دیا۔ ویبھو کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں اترے نتیش رانا نے بھی تیزی سے رن بنائے۔ پاور پلے میں ہی راجستھان کے 72 رن ہو گئے تھے اور چھٹے اوور میں جوش ہیزل ووڈ نے جیسوال کا وکٹ لے کر بنگلورو کو بڑی راحت دلائی۔ لیکن نتیش اور کپتان ریان پراگ نے رنوں کی رفتار کم نہیں ہونے دی۔ نویں اوور تک ہی راجستھان نے 110 رن بنا لیے۔

یہ وہ موقع تھا جب کرونال پانڈیا نے دسویں اوور میں ریان پراگ کا وکٹ لے لیا، اور پھر اسپنرس نے رنوں پر تھوڑا بریک لگایا۔ کرونال نے اپنے تیسرے اوور میں نتیش رانا کو بھی آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ذمہ داری دھرو جوریل اور شمرون ہٹمائر پر آئی، جو گزشتہ دو میچوں میں شکست کا سبب ثابت ہوئے تھے۔ دونوں کی شراکت داری بڑھتی ہوئی نظر آ رہی تھی، لیکن سترہویں اوور میں ہیزل ووڈ نے ہٹمائر کو پویلین بھیج دیا۔ پھر اٹھارہویں اوور میں جوریل نے بھونیشور کمار کے اوور سے 22 رن بٹور کر ٹیم کی واپسی کرائی۔ لیکن انیسویں اوور نے میچ کی قسمت طے کر دی۔ ہیزل ووڈ نے پہلے جوریل اور پھر جوفرا آرچر کو دو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔ بیسویں اوور میں راجستھان کو جیت کے لیے 17 رنوں کی ضرورت تھی، لیکن اس اوور میں 5 رن ہی بن سکے۔ راجستھان 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 194 رن بنا سکی اور 11 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔