آئی پی ایل 2025: کوئنٹن ڈیکاک نے دلائی کولکاتا کو پہلی فتح، راجستھان کو 8 وکٹ سے ملی شکست فاش
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے راجستھان رائلز نے 151 رن بنائے تھے، جواب میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے کوئنٹن ڈیکاک کی ناٹ آؤٹ 97 رنوں کی اننگ کے تعاون سے 15 گیندیں باقی رہتے فتح حاصل کر لی۔

کوئنٹن ڈیکاک، تصویر@IPL
آج آئی پی ایل میں راجستھان اور کولکاتا دونوں ہی اپنا دوسرا میچ کھیل رہے تھے، اور دونوں کو ہی پہلے میچ میں شکست ملی تھی۔ آج کسی ایک کی قسمت میں جیت لکھی تھی، اور وہ ٹیم شاہ رخ خان کی کولکاتا بنی۔ گواہاٹی میں کھیلے گئے میچ میں کولکاتا نے راجستھان کو 15 گیندیں باقی رہتے 8 وکٹ سے شکست فاش دے دی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے راجستھان کی ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 151 رن ہی بنا سکی تھی۔ جواب میں کولکاتا کو ہدف حاصل کرنے میں زیادہ دقت نہیں ہوئی۔ کولکاتا کی جیت کے ہیرو کوئنٹن ڈیکاک رہے، جنھوں نے کولکاتا کے لیے کھیلے گئے اپنے دوسرے میچ میں پہلی نصف سنچری بنائی۔ ڈیکاک نے 61 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 97 رنوں کی اننگ کھیلی۔ چونکہ گواہاٹی کی پچ بلے بازی کے لیے آسان نہیں تھی، اس لیے ڈیکاک کی بلے بازی کو کرکٹ ماہرین کی تعریف حاصل ہو رہی ہے۔ ایک طرح سے دیکھا جائے تو راجستھان نے ڈیکاک کے سامنے سرینڈر کر دیا، ورنہ یہ مقابلہ دلچسپ ہو سکتا تھا۔
گواہاٹی کی پچ پر بلے بازی آسان نہیں تھی، اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ پاور پلے میں کولکاتا نے محض 40 رن ہی بنائے تھے۔ اس کے 50 رن 7.4 اوورس میں پورے ہوئے۔ معین علی اور اجنکیا رہانے مشکل میں نظر آئے اور جلدی پویلین لوٹ گئے، لیکن ڈیکاک سمجھداری کے ساتھ بلے بازی کرتے رہے۔ وہ باؤنڈری بھی لگا رہے تھے اور سنگل بھی نکال رہے تھے۔ انھوں نے 36 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، اور پھر اس کے بعد باقی رن بنانے کے لیے محض 25 گیندوں کا سامنا کیا۔ ڈیکاک نے رگھوونشی کے ساتھ مل کر 30 گیندوں پر نصف سنچری شراکت داری بھی کی، اور یہی وہ وقت تھا جب راجستھان کی ہار طے دکھائی دینے لگی۔
راجستھان رائلز نے آج جب ٹاس ہارا، اسی وقت سے دقتیں شروع ہو گئیں۔ سیمسن اور جیسوال نے ٹیم کو تیز شروعات تو دی، لیکن چوتھے اوور میں ویبھو اروڑا نے سیمسن کو آؤٹ کر کولکاتا کو پہلی کامیابی دلا دی۔ یہاں پراگ نے بھی کچھ اچھے ہاتھ دکھائے، لیکن یشسوی کے 29 رن پر آؤٹ ہونے اور پراگ کے 25 رن پر پویلین لوٹنے کے بعد حالات بگڑتے ہی چلے گئے۔ نتیش رانا محض 8 رن بنا سکے اور ہسرنگا بھی 4 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دھرو جوریل کسی طرح 33 رن بنانے میں کامیاب ہوئے، لیکن شمرن ہٹمائر نے 7 رنوں کے ساتھ مایوس کیا۔ جوفرا آرچر نے آخر میں 7 گیندوں پر 16 رن بنائے جس سے ٹیم کا اسکور کم از کم 150 کے پار پہنچ سکا۔
کولکاتا کی طرف سے گیندبازی میں اسپنرس کا جلوہ خوب دیکھنے کو ملا۔ ورون چکرورتی نے 4 اوورس میں محض 17 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ معین علی نے بھی 4 اوورس میں 23 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ہرشت رانا اور ویبھو اروڑا نے بھی 2-2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ اسپنسر جانسن کے حصے میں آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔