آئی پی ایل 2025: پلیئر آف دی میچ محمد سراج نے بنگلورو سے لیا انتقام! گجرات کی 8 وکٹوں سے فتح

بنگلورو نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 8 وکٹ کے نقصان پر 169 رن بنائے تھے۔ جواب میں ضروری ہدف گجرات نے 17.5 اوورس میں محض 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>وکٹ ملنے کا جشن مناتے ہوئے محمد سراج، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>

وکٹ ملنے کا جشن مناتے ہوئے محمد سراج، تصویر@IPL

user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2025 کی زوردار شروعات کرنے والی آر سی بی (رائل چیلنجرس بنگلورو) کو آج اس سیزن میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کولکاتا اور چنئی جیسے میدانوں پر لگاتار 2 میچ جیتنے والی بنگلورو کو یہ شکست اپنے ہی گھر ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ملی ہے، جہاں سیزن کے 14ویں میچ میں شبھمن گل کی کپتانی والی گجرات ٹائٹنس نے بہ آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آج کے میچ کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ گجرات کی اس جیت کے ہیرو تیز گیندباز محمد سراج رہے، جو اس سیزن سے پہلے لگاتار 7 سالوں تک بنگلورو کا حصہ تھے۔ یعنی محمد سراج نے بنگلورو سے خود کو ریلیز کیے جانے کا انتقام آج لے لیا۔

گجرات کو آج ملی جیت کی بنیاد اس کے تیز گیندبازوں نے رکھی، جنھوں نے پاور پلے میں ہی بنگلورو کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ حالانکہ گجرات کی خراب فیلڈنگ نے بنگلورو کے لیے زیادہ رن بنانے کا راستہ ہموار کر دیا۔ آج کے میچ میں لوگ یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ محمد سراج اور کوہلی کا سامنا کس طرح ہوتا ہے، لیکن کوہلی دوسرے ہی اوور میں ارشد خان کی گیند پر 7 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ سراج نے کوہلی کو بھلے ہی آؤٹ نہیں کیا، لیکن پاور پلے میں ہی انفرادی طور پر 2 وکٹ لیے اور کفایتی گیندبازی بھی کی۔ ساتویں اوور تک ہی بنگلورو نے 42 رن پر 4 وکٹ گنوا دیے تھے۔ یہ وکٹ کوہلی، فل سالٹ، دیودت پڈیکل اور کپتان رجت پاٹیدار جیسے اہم بلے بازوں کے تھے۔ ان 7 اوورس میں 3 اوور محمد سراج نے کیے تھے، جن میں انھوں نے محض 15 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


محمد سراج کی اس بہترین گیندبازی کا فائدہ پرشدھ کرشنا اور سائی کشور جیسے گیندبازوں نے بھی اٹھایا۔ خاص طور سے دھماکہ خیز بلے باز لیام لیونگسٹن آج کچھ پریشان نظر آئے، کیونکہ وہ بڑے شاٹ نہیں لگا پا رہے تھے۔ حالانکہ 3 لائف لائن ملنے کے بعد انھوں نے کچھ بڑے شاٹ لگائے اور 40 گیندوں پر 54 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ دوسری طرف جتیش شرما نے 21 گیندوں پر 33 رنوں کی اہم اننگ کھیلی۔ آخر میں ٹم ڈیوڈ نے بنگلورو کو بڑے اسکور تک پہنچایا، کیونکہ انھوں نے محض 18 گیندوں میں تیز طرار 32 رن بنا دیے۔ کسی طرح بنگلورو 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 169 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ محمد سراج نے 4 اوورس میں محض 19 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

گزشتہ 2 میچوں میں پاور پلے کے دوران بہترین گیندبازی کرنے والی آر سی بی کے گیندباز اس مرتبہ ویسا اثر نہیں ڈال سکے۔ بھونیشور کمار اور جوش ہیزل ووڈ نے کچھ کسی ہوئی گیندبازی ضرور کی، لیکن سائی سدرشن (49 رن) اور کپتان شبھمن گل (14 رن) کی جوڑی نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے کچھ باؤنڈری بھی لگائے۔ شبھمن کے آؤٹ ہونے کے بعد جوس بٹلر نے میدان پر اتر کر تیزی سے رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا، اور پھر بنگلورو کو واپسی کا موقع نہیں ملا۔


13ویں اوور میں بنگلورو نے گیند بدلی اور جوش ہیزل ووڈ نے سائی سدرشن کو نصف سنچری بنانے سے روکتے ہوئے پویلین بھیج دیا۔ لیکن اس کے بعد گجرات کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔ بٹلر اپنے جارحانہ انداز میں کھیل ہی رہے تھے۔ امپیکٹ پلیئر شرفین ردرفورڈ نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے 63 رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کر ٹیم کو 17.5 اوورس میں ہی جیت تک پہنچا دیا۔ بٹلر نے محض 39 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 73 رن بنائے، جبکہ ردرفورڈ نے محض 18 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 30 رنوں کا تعاون کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔