آئی پی ایل 2025: ممبئی انڈینس نے گجرات ٹائٹنس کو دکھایا ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ، 20 رنوں سے فتحیاب
الیمنیٹر مقابلے میں ممبئی نے گجرات کو 20 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ممبئی نے کوالیفائر-2 میں داخلہ حاصل کر لیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ پنجاب سے ہوگا۔ جیتنے والی ٹیم فائنل میں بنگلورو سے کھیلے گی

بمراہ کے یارکر پر بولڈ ہوئے واشنگٹن سندر، تصویر @IPL
آئی پی ایل 2025 میں گزشتہ کل کوالیفائر-1 مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا تھا، لیکن آج الیمنیٹر مقابلے میں ممبئی انڈینس اور گجرات ٹائٹنس کے درمیان رنوں سے بھرپور اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ اس ٹورنامنٹ میں خراب شروعات کرنے والی ممبئی ٹیم نے گجرات کو 20 رنوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ممبئی نے کوالیفائر-2 میں داخلہ حاصل کر لیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ پنجاب سے ہوگا۔ جیتنے والی ٹیم فائنل میں بنگلورو سے کھیلے گی۔
آج ٹاس ممبئی کے کپتان ہاردک پانڈیا نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ درست ثابت ہوا کیونکہ پہلے وکٹ کے لیے سلامی بلے باز روہت شرما اور جانی بیرسٹو (22 گیندوں پر 47 رن) کے درمیان 84 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ لیکن یہ شروعات خراب بھی ہو سکتی تھی، کیونکہ روہت شرما جب 3 رن اور 12 رن کے انفرادی اسکور پر تھے، تو ان کے آسان کیچ چھوڑ دیے گئے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ روہت نے 50 گیندوں پر 81 رنوں کی اننگ کھیل ڈالی۔ سوریہ کمار یادو کا بھی کیچ چھوٹا، جنھوں نے 20 گیندوں پر 33 رنوں کی اننگ کھیلی۔ تلک ورما (11 گیندوں پر 25 رن) اور کپتان ہاردک پانڈیا (9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 22 رن) نے آخر میں طوفانی بلے بازی کر ٹیم کو 228 رنوں تک پہنچا دیا۔ یہ رن ممبئی نے 5 وکٹ کے نقصان پر بنائے۔ گجرات کی طرف سے پرشدھ کرشنا اور سائی کشور نے 2-2 وکٹ، جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لیے۔
گجرات کی ٹیم جب 229 رنوں کا پیچھا کرنے اتری تو شروعات انتہائی خراب رہی۔ ٹرینٹ بولٹ کے ذریعہ پھینکے گئے پہلے ہی اوور میں کپتان شبھمن گل ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کسل مینڈس (10 گیندوں میں 20 رن) اور سائی سدرشن (49 گیندوں میں 80 رن) کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 64 رنوں کی شراکت داری ضروری ہوئی، لیکن کسل مینڈس کے ہٹ وکٹ آؤٹ ہونے کے بعد گجرات کو زوردار جھٹکا لگا۔ حالانکہ سدرشن اور واشنگٹن سندر (24 گیندوں پر 48 رن) کے درمیان 84 رنوں کی تیز شراکت داری ہوئی۔ واشنگٹن کو جسپریت بمراہ نے ایک لاجواب یارکر گیند پر آؤٹ کیا، جس نے واشنگٹن کو چاروں شانے چت کر دیا۔ سائی سدرشن کو گلیسن نے ایک بہترین گیند پر بولڈ کیا۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی گجرات کی مشکلات اچانک بڑھ گئیں۔ شرفین ردرفورڈ (15 گیندوں پر 24 رن) اور راہل تیوتیا (11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 16 رن) نے میچ کو دلچسپ مرحلہ میں ضرور داخل کر دیا، لیکن رنوں کی رفتار کو ضرورت کے مطابق بڑھا نہیں سکے۔ شاہ رخ خان بھی 7 گیندوں پر 13 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پوری ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 208 رن ہی بنا سکی اور 20 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ممبئی کی جانب سے جسپریت بمراہ کی تعریف کرنی ہوگی، جنھوں نے مشکل وقت میں واشنگٹن سندر کا وکٹ حاصل کیا اور 4 اوورس میں 27 ہی رن دیے۔ ٹرینٹ بولٹ کافی مہنگے ثابت ہوئے، جنھوں نے 4 اوورس میں 56 رن خرچ کر دیے، لیکن انھوں نے 2 وکٹ لے کر اپنا تعاون پیش کیا۔ اشونی کمار نے بھی اچھی گیندبازی کی۔ انھوں نے 3.3 اوورس میں 28 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ رچارڈ گلیسن (3.3 اوورس میں 39 رن) اور مشیل سینٹنر (1 اوور میں 10 رن) کو بھی 1-1 وکٹ حاصل ہوئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا وکٹ سے محروم رہے۔ انھوں نے 3 اوورس کیے جس میں 37 رن خرچ کر دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔