آئی پی ایل 2025: ممبئی انڈینز کو ملی بری خبر، اپریل سے قبل میدان پر نہیں اتر پائیں گے جسپریت بمراہ!

جسپریت بمراہ ابھی تک اپنی چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے ہیں، این سی اے کی میڈیکل ٹیم جب تک انھیں فٹ قرار نہیں دیتی، وہ آئی پی ایل 2025 میں ممبئی انڈینس کے لیے نہیں کھیل سکیں گے۔

جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

جیسا کہ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، جسپریت بمراہ ’آئی پی ایل 2025‘ میں شروعاتی کچھ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ یہ ممبئی انڈینز کے لیے بری خبر ہے، کیونکہ بمراہ کی غیر موجودگی میں ٹیم کی فاسٹ بالنگ کمزور ہو جائے گی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بمراہ اب بھی کمر کی چوٹ سے پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے ہیں، اس لیے وہ 22 مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل کے شروعاتی میچوں میں ممبئی انڈینز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ جسپریت بمراہ چوٹ کے سبب رواں سال جنوری ماہ سے ہی کرکٹ سے دور ہیں۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق بمراہ اپریل کے شروع میں ممبئی انڈینز میں شامل ہو جائیں گے، لیکن ٹیم کو مارچ میں ہی 3 میچ کھیلنے ہیں۔ یعنی یہ تو طے ہے کہ 3 میچ ممبئی انڈینز کو بمراہ کے بغیر ہی کھیلنے ہوں گے۔ ساتھ ہی یہ بات بھی توجہ طلب ہے کہ بمراہ تبھی ممبئی انڈینز کے لیے کرکٹ کے میدان پر اتر پائیں گے، جب این سی اے کی میڈیکل ٹیم انہیں فٹ قرار دے گی۔


دراصل بمراہ اپنی کمر کے نچلے حصے میں چوٹ کا علاج کرا رہے ہیں۔ اس چوٹ کا سامنا انہیں 4 جنوری کو آسٹریلیا کے سڈنی میں بارڈر-گواسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن ہوا تھا۔ اس کے بعد بمراہ ’چیمپئنز ٹرافی 2025‘ سے باہر ہو گئے، لیکن اچھی بات یہ رہی کہ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ کی چمپئن بنی۔

جہاں تک ممبئی انڈینز کے میچوں کا سوال ہے، یہ 23 مارچ کو اپنا پہلا میچ چنئی میں چنئی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے۔ اس کا دوسرا میچ 29 مارچ کو احمد آباد میں گجرات ٹائٹنز ہے۔ ممبئی انڈینز گھریلو میدان پر اپنا پہلا میچ 31 مارچ کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد اسے اپریل کے پہلے ہفتہ میں 2 میچ کھیلنے ہیں، 4 اپریل کو لکھنؤ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف اور 7 اپریل کو رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف اپنے گھر میں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔