آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے لے کر اٹھارہویں سیزن تک کھیلنے کا سہرا 4 کھلاڑیوں کو حاصل، دھونی-روہت کا نام بھی شامل
آئی پی ایل 2025 چار کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہم ثابت ہونے والا ہے، کیونکہ یہ لگاتار اپنا اٹھارہواں سیزن کھیلیں گے۔ ان میں ایک کھلاڑی تو ایسا ہے جس نے سبھی سیزن ایک ہی فرنچائزی کے لیے کھیلے ہیں۔

آئی پی ایل (فائل)، تصویر آئی اے این ایس
’انڈین پریمیر لیگ‘ کا اٹھارہواں سیزن 22 مارچ سے شروع ہونے والا ہے۔ اس ٹورنامنٹ پر پوری دنیا کی نظریں ہوتی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ’آئی پی ایل 2025‘ شروع ہونے سے پہلے ہی یہ سرخیوں میں ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی ٹیموں اور کھلاڑیوں سے متعلق خبریں لگاتار اخبارات اور نیوز پورٹلس کی زینت بن رہی ہیں۔ 2008 میں شروع ہوئے آئی پی ایل کا اس سال اٹھارہواں سیزن ہے، اور کم ہی لوگوں کو یہ معلوم ہوگا کہ صرف 4 ہی کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے سیزن سے لگاتار کھیل رہے ہیں اور اب اٹھارہویں سیزن میں بھی وہ میدان پر نظر آئیں گے۔
وراٹ کوہلی، تصویر آئی پی ایل
جی ہاں، آئی پی ایل 2025 چار کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہم ثابت ہونے والا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ یہ لگاتار اپنا اٹھارہواں سیزن کھیلیں گے۔ ان میں ایک کھلاڑی تو ایسا ہے جس نے سبھی سیزن ایک ہی فرنچائزی کے لیے کھیلے ہیں۔ یہاں بات ہو رہی ہے وراٹ کوہلی کی۔ انھوں نے پہلے سیزن میں آر سی بی (رائل چیلنجرس بنگلورو) کے لیے کھیلا تھا، اور پھر کبھی اس ٹیم سے الگ نہیں ہوئے۔ ان کے علاوہ ایم ایس دھونی، روہت شرما اور منیش پانڈے بھی اپنا اٹھارہواں سیزن کھیلنے اتریں گے۔

جہاں تک وراٹ کوہلی کا سوال ہے، وہ آئی پی ایل کے سب سے بڑے اور سب سے مقبول کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ وہ آر سی بی کے کپتان رہ چکے ہیں اور آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی انھوں نے آئی پی ایل میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے ہوئے ہیں۔ کوہلی آئی پی ایل کے ہر سیزن میں اپنی ٹیم کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنتے ہیں، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ آج تک اپنی ٹیم کو چمپئن نہیں بنا سکے۔

مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس
ایم ایس دھونی اور روہت شرما بھی عرصہ تک اپنی اپنی ٹیموں کے کپتان رہے، لیکن اب یہ بطور کھلاڑی کھیلتے ہیں۔ یہ دونوں ہی آئی پی ایل تاریخ میں سب سے کامیاب کپتان تصور کیے جاتے ہیں۔ روہت کی کپتانی میں ممبئی نے آئی پی ایل کا خطاب 5 مرتبہ (2013، 2015، 2017، 2019، 2020) جیتا ہے۔ دوسری طرف چنئی سپر کنگز بھی دھونی کی کپتانی میں 5 مرتبہ (2010، 2011، 2018، 2021، 2023) چمپئن بنی۔
منیش پانڈے، تصویر https://www.kkr.in/
منیش پانڈے کرناٹک کے ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور آئی پی ایل میں کئی ٹیموں کا حصہ رہے ہیں۔ منیش پانڈے نے اپنی بلے بازی سے کئی میچوں کا رخ پلٹا ہے۔ ان کا نام خاص طور سے اس اننگ کے لیے یاد کیا جاتا ہے جو انھوں نے 2009 میں رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف کھیلی تھی۔ وہ آئی پی ایل میں ابھی تک 7 ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔