آئی پی ایل 2025: انتہائی دلچسپ مقابلے میں لکھنؤ نے ممبئی کو 12 رنوں سے دی شکست

لکھنؤ سپرجائنٹس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 203 رنوں کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ جواب میں ممبئی انڈینس کی ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 191 رن ہی بنا سکی۔

<div class="paragraphs"><p>جیت کے بعد لکھنؤ کی ٹیم ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، تصویر @IPL</p></div>

جیت کے بعد لکھنؤ کی ٹیم ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، تصویر @IPL

user

قومی آواز بیورو

آئی پی ایل 2025 میں آج ایک بار پھر انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ اس سیزن کے سولہویں میچ میں مقابلہ لکھنؤ سپر جائنٹس اور ممبئی انڈینس کے درمیان تھا، جو کہ آخری اوور تک چلا۔ ایکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں لکھنؤ نے ممبئی کو 12 رنوں سے شکست دی اور 2 پوائنٹس حاصل کر پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے مقام پر پہنچ گئی۔ اس ٹیم نے 4 میچوں میں 2 جیت کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ دوسری طرف ممبئی انڈینس نے 4 میچوں میں 1 فتح حاصل کی ہے، اور 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ساتویں مقام پر ہے۔

آج ٹاس ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ لکھنؤ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 203 رنوں کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ جواب میں ممبئی انڈینس کی ٹیم مقررہ 20 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 191 رن ہی بنا سکی۔ اس جیت میں لکھنؤ کے گیندباز دگویش راٹھی کا بہت اہم کردار رہا، کیونکہ انھوں نے 4 اوورس میں محض 21 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس کفایتی گیندبازی نے ہی ممبئی کو شکست کی طرف دھکیلا۔ اس کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔


آج لکھنؤ کو بلے بازی میں بہترین شروعات ملی تھی، کیونکہ سلامی بلے باز مشیل مارش نے طوفانی انداز میں 31 گیندوں پر 60 رن بنا ڈالے تھے۔ ان کے طوفان کو دگویش راٹھی نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر روکا۔ دوسرے سلامی بلے باز ایڈن مارکرم نے بھی 38 گیندوں پر 53 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ نکولس پورن (12 رن) اور کپتان رشبھ پنت (2 رن) کچھ خاص نہیں کر سکے، لیکن آیوش بدونی (19 گیندوں پر 30 رن) اور ڈیوڈ ملر (14 گیندوں پر 27 رن) نے تیزی سے رن بنا کر ٹیم کو 200 کے پار پہنچانے میں اہم کردار نبھایا۔ ممبئی کی طرف سے گیندبازی میں کپتان ہاردک پانڈیا نے 4 اوورس میں 36 رن دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹرینٹ بولٹ، اشونی کمار اور وگنیش پوتھور کو 1-1 وکٹ ملے۔

جب ممبئی کی ٹیم بلے بازی کرنے میدان میں اتری تو شروعات خراب رہی۔ روہت شرما کی غیر موجودگی میں ول جیکس نے ریان ریکلٹن کے ساتھ اوپننگ کی۔ جیکس محض 5 رن اور ریکلٹن 10 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد نمن دھیر (24 گیندوں میں 56 رن) اور سوریہ کمار یادو (43 گیندوں میں 67 رن) نے لکھنؤ کے گیندبازوں کی خوب دھنائی کی۔ لیکن جیسے ہی یہ دونوں بلے باز آؤٹ ہوئے، رنوں کی رفتار دھیمی پڑ گئی۔ تلک ورما نے 23 گیندوں پر 25 رن بنائے، اور اس دھیمی رفتار کی وجہ سے انھیں ریٹائرڈ آؤٹ ہونا پڑا۔ لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ کپتان ہاردک پانڈیا (16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 28 رن) نے ٹیم کو جیت دلانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن وہ ناکام ہو گئے۔ 20 اوورس میں ممبئی 5 وکٹ کے نقصان پر 191 رن ہی بنا سکی۔ لکھنؤ کی طرف سے شاردل ٹھاکر، آکاش دیپ، اویس خان اور دگویش راٹھی کو 1-1 وکٹ ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔