آئی پی ایل 2025: کے ایل راہل نے دہلی کو دلائی جیت، لکھنؤ کی 8 وکٹوں سے شرمناک شکست
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لکھنؤ کی ٹیم صرف 159 رن ہی بنا سکی تھی، جواب میں دہلی نے 2 وکٹ کے نقصان پر ہی یہ ہدف 13 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔

کے ایل راہل اور ابھشیک پوریل، تصویر@IPL
آئی پی ایل 2025 کے 40ویں میچ میں آج دہلی کیپٹلز نے لکھنؤ سپرجائنٹس کو یکطرفہ انداز میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کے ایل راہل نے اس میچ میں اپنی پرانی ٹیم کے خلاف شاندار نصف سنچری بنائی۔ راہل نے ناٹ آؤٹ 57 رنوں کا تعاون کیا۔ ان کے علاوہ مکیش کمار نے گیندبازی میں کمال دکھاتے ہوئے سب سے زیادہ 4 وکٹ حاصل کیے۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے لکھنؤ کی ٹیم نے محض 159 رن ہی بنائے تھے۔ جواب میں دہلی نے 2 وکٹ کے نقصان پر ضروری ہدف 17.5 اوورس میں ہی حاصل کر لیا۔ یعنی دہلی کو جیت 13 گیندیں باقی رہتے ہوئے مل گئی۔ کے ایل راہل نے چھکا لگا کر میچ کو ختم کیا۔ دہلی کی ٹیم نے یہ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنی حالت مزید مستحکم کر لی ہے۔ دہلی نے 8 میچوں میں چھٹی جیت حاصل کی ہے۔ وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات کی ٹیم نے بھی 8 میچوں میں 6 جیت ہی حاصل کی ہے، لیکن وہ نیٹ رَن ریٹ کے لحاظ سے دہلی سے آگے ہے۔
دہلی کیپٹلز کے لیے سب سے اچھی بات یہ رہی کہ اس کے کپتان اکشر پٹیل نے ٹاس جیتا اور انھوں نے لکھنؤ کی پچ پر پہلے گیندبازی کا انتخاب کیا۔ لکھنؤ کی دقتیں یہیں سے شروع ہوئیں، حالانکہ اس کے سلامی بلے بازوں مارکرم اور مشیل مارش نے اچھی شروعات دے کر دہلی کو تھوڑا ٹینشن دے دیا تھا۔ دونوں نے 10 اوورس میں 87 رن جوڑے۔ مارکرم نے شاندار نصف سنچری لگائی، لیکن وہ 33 گیندوں میں 52 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس سلامی جوڑی کے ٹوٹتے ہی لکھنؤ کی ٹیم بڑی مصیبت میں پھنس گئی۔ نکولس پورن 9 رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔ عبدالصمد محض 2 رن ہی بنا سکے۔ بڈونی نے 21 گیندوں میں 36 رن بنا کر کسی طرح ٹیم کو 159 رن تک پہنچایا، لیکن ان کے علاوہ ملر 15 گیندوں میں 14 رن ہی بنا پائے۔ پنت نے 2 گیندیں کھیلیں اور وہ ایک بھی رن نہیں بنا پائے۔
دہلی کیپٹلز کو یہ اسکور حاصل کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی، کیونکہ کرون نایر اور ابھشیک پوریل نے ٹیم کو تیز شروعات دی۔ دونوں نے 22 گیندوں میں 36 رن جوڑے۔ کرون نایر 15 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ لیکن اس کے بعد ابھشیک پوریل اور کے ایل راہل نے اچھی شراکت داری کر لکھنؤ کو میچ سے باہر کر دیا۔ پوریل نے 36 گیندوں میں 51 رن بنائے، جبکہ کے ایل راہل 42 گیندوں میں 57 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ رہی سہی کسر اکشر پٹیل نے پوری کر دی، جنھوں نے 20 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 34 رن بنائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔