آئی پی ایل 2025: ممبئی کو ہاردک-جیکس نے مل کر دلائی تیسری جیت، حیدر آباد کی امیدوں پر پھرا پانی
حیدر آباد کی ٹیم 20 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر بمشکل 162 رن بنا سکی۔ جواب میں ممبئی نے جیت کے لیے ضروری ہدف 18.1 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ممبئی انڈینس نے آئی پی ایل 2025 میں پہلی مرتبہ لگاتار 2 میچوں میں فتح حاصل کر پلے آف کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ ہاردک پانڈیا کی کپتانی والی ٹیم نے اپنے گھریلو میدان وانکھیڑے اسٹیڈیم میں سنرائزرس حیدر آباد کو 4 وکٹ سے بہ آسانی ہرا دیا۔ حیدر آباد کی ٹیم 20 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر بمشکل 162 رن بنا سکی۔ جواب میں ممبئی نے جیت کے لیے ضروری ہدف 18.1 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی نے رواں سیزن میں اپنی تیسری جیت درج کر لی۔
دوسری طرف گزشتہ سیزن کی فائنلسٹ پیٹ کمنز کی حیدر آباد جیت کی لے برقرار نہیں رکھ پائی اور اس سیزن میں اپنا پانچواں میچ ہار گئی۔ اس شکست نے حیدر آباد کے پلے آف میں پہنچنے کی امیدوں کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔ 7 میچوں میں حیدر آباد نے محض 2 فتح حاصل کی ہے، جس سے 4 پوائنٹس کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل میں نویں مقام پر ہے۔ ممبئی 7 میچوں میں 3 فتح کے ساتھ اس ٹیبل میں ساتویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے میچ میں بڑے اسکور کی امیدیں کی جا رہی تھیَ کئی دن قبل ہی سابق جنوبی افریقی گیندباز ڈیل اسٹین نے تو پیشین گوئی کی تھی کہ اس میچ میں پہلی مرتبہ 300 رنوں کا پہاڑ کھڑا ہو سکتا ہے۔ وانکھیڑے کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس سے انکار بھی نہیں کیا جا سکتا تھا، اور اسی لیے سب کی نظریں اس میچ پر تھیں۔ لیکن جیسے ہی مقابلہ شروع ہوا، تو ہر کوئی حیران رہ گیا۔ جس پچ پر یہ میچ کھیلا گیا، وہاں 300 رن تو دور، کسی طرح حیدر آباد کی ٹیم 150 کا اسکور پار کر پائی۔
ابھشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ کی طوفانی سلامی جوڑی کو چوکے چھکے جمانے کے لیے مشقت کرنی پڑی۔ ابھشیک (28 گیندوں میں 40 رن) نے تو پھر بھی کچھ بہترین شاٹس لگا کر ٹیم کو تیز شروعات دلانے کی کوشش کی، لیکن ہیڈ (29 گیندوں میں 28 رن) اپنی اننگ کے دوران بہت پریشان نظر آئے۔ اس کا اثر یہ ہوا کہ 10 اوورس تک صرف 75 رن، اور 15 اوورس تک صرف 105 رن ہی بن سکے۔ یہاں پر ہنرک کلاسین (28 گیندوں پر 37 رن) نے رنوں کی رفتار کچھ حد تک ضرور بڑھائی اور اٹھارہویں اوور میں 21 رن بنا ڈالے۔ پھر بیسویں اوور میں ہاردک پانڈیا پر 3 چھکے سمیت 22 رن بٹور کر حیدر آباد نے 162 رن کا اسکور حاصل کیا۔ گیندبازی میں وِل جیکس کی تعریف کرنی ہوگی، جنھوں نے 3 اوورس میں محض 14 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کے جواب میں ممبئی نے تیز شروعات کی، خصوصاً روہت شرما نے تو 3 چھکے لگا کر وانکھیڑے میں موجود اپنے شیدائیوں کا دل جیت لیا۔ لیکن ایک بار پھر روہت (16 گیندوں میں 26 رن) اپنی اننگ کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر پائے۔ ریان ریکلٹن (23 گیندوں میں 31 رن) کچھ اچھے شاٹ لگائے، لیکن وِل جیکس نے گیندبازی کے بعد بلے بازی میں بھی کمال دکھایا۔ انھوں نے 26 گیندوں پر 36 رنوں کی کارآمد اننگ کھیلی۔ دوسری طرف سوریہ کمار یادو نے 15 گیندوں پر 26 رن بنا کر رنوں کی رفتار دھیمی نہیں پڑنے دی۔ پیٹ کمنز نے جیکس اور سوریہ کمار کا وکٹ لے کر واپسی کی کوشش کی، لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ہاردک پانڈیا نے 9 گیندوں پر طوفانی 21 رن بنا کر میچ کا رخ ممبئی کی طرف کر دیا۔ تلک ورما نے بھی 17 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 21 رنوں کا تعاون کیا۔ حیدر آباد کی طرف سے گیندبازی میں کپتان کمنز نے بہترین اسپیل ڈالتے ہوئے 4 اوورس میں 26 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔ 2 وکٹ ایشان ملنگا اور ایک وکٹ ہرشل پٹیل کو ملے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔