آئی پی ایل 2025: حیدر آباد سے ہارنے کے بعد چنئی کے لیے پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں معدوم
چنئی پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس بھی نہیں کھیل پائی اور محض 154 رن بنا سکی۔ جواب میں حیدر آباد نے 8 گیندیں باقی رہتے ضروری ہدف حاصل کر لیا۔

سنرائزرس حیدر آباد کی ٹیم، @IPL
آئی پی ایل 2025 چنئی سپر کنگز کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا ہے۔ چنئی کی شکست کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ 9 میچوں میں محض 2 فتح کے ساتھ چنئی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے دسویں پائیدان پر ہے۔ آج اسے حیدر آباد کے ہاتھوں 5 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے ساتھ ہی چنئی کے لیے پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں معدوم ہو گئی ہیں۔
آج ٹاس جیتنے کے بعد حیدر آباد کے کپتان پیٹ کمنز نے پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ چنئی کی شروعات انتہائی خراب رہی، کیونکہ محمد شامی نے پہلی ہی گیند پر شیخ رشید کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد آیوش مہاترے (30 رن)، ڈیوالڈ بریوس (42 رن)، رویندر جڈیجہ (21 رن) اور دیپک ہوڈا (22 رن) ہی کچھ دیر تک میدان میں جم کر کھیل سکے، باقی بلے بازوں نے بہت مایوس کیا۔ کپتان دھونی بھی محض 6 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پوری ٹیم 19.5 اوورس میں محض 154 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حیدر آباد کی جانب سے ہرشل پٹیل نے 4 اوورس میں 28 رن دے کر سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے۔ 2-2 وکٹ پیٹ کمنز اور جے دیو انادکٹ کو ملے، جبکہ 1-1 وکٹ محمد شامی اور کمنڈو مینڈس کے حصے میں آئے۔
بلے بازی میں حیدر آباد کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی، کیونکہ سلامی بلے باز ابھشیک شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ ٹریوس ہیڈ بھی محض 19 رن ہی بنا سکے۔ ایشان کشن نے 34 گیندوں میں 44 رنوں کی بہترین اننگ کھیلی، جس نے حیدر آباد کو جیت کی راہ دکھائی۔ حالانکہ حیدر آباد کا اسکور ایک وقت 106 رن پر 5 وکٹ تھا، اور ایسا لگ رہا تھا جیسے چنئی میچ کو اپنی طرف کھینچ سکتی ہے، لیکن کمنڈو مینڈس (22 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رن) اور نتیش کمار ریڈی (13 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رن) نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور 8 گیندیں باقی رہتے ٹیم کو جیت دلا دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔