آئی پی ایل 2025: چنئی نے پھر سے دھونی کو بنایا ٹیم کا کپتان، ریتوراج گائیکواڈ زخمی ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر
چنئی کے کپتان ریتوراج گائیکواڈ کہنی کی چوٹ کے سبب آئی پی ایل 2025 سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس کی تصدیق ٹیم کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے کی اور بتایا کہ اب ان کی جگہ دھونی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

مہندر سنگھ دھونی، تصویر آئی اے این ایس
چنئی سپر کنگز کے لیے آئی پی ایل 2025 ابھی تک اچھا نہیں گزرا ہے۔ 5 میچوں میں محض ایک فتح نصیب ہوئی ہے، اور اب کپتان ریتوراج گائیکواڈ زخمی ہو کر پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ چنئی کو یہ جھٹکا کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف مقابلے سے عین قبل لگا ہے۔ ریتوراج کی جگہ اب مہندر سنگھ دھونی کو چنئی کی قیادت سونپی گئی ہے۔
چنئی اور کولکاتا کے درمیان مقابلہ 11 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے دونوں ٹیمیں تیاریاں کر رہی ہیں۔ اب جبکہ چنئی کے کپتان ریتوراج کہنی کی چوٹ کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں، تو ٹیم کا بیلنس بنانا ٹیم کے لیے دردِ سر ہو سکتا ہے۔ ریتوراج کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی تصدیق ٹیم کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے بھی کر دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ریتوراج کی جگہ اب دھونی ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب چنئی سپر کنگز نے ٹورنامنٹ کے درمیان کپتان بدل کر سبھی کو حیران کیا ہے۔ قبل میں آئی پی ایل 2022 سے ٹھیک پہلے رویندر جڈیجہ کو چنئی کا کپتان بنایا گیا تھا۔ اس سیزن ٹیم کی کارکردگی بے حد خراب رہی تھی اور نصف سیزن کے بعد دھونی کو کپتانی دے دی گئی تھی۔ 2022 کا سیزن تو چنئی کے لیے خراب گزر گیا تھا، لیکن 2023 میں دھونی نے چنئی کو اپنی کپتانی میں چمپئن بنایا تھا۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ آئی پی ایل 2025 میں ٹیم کی کارکردگی دھونی کی کپتانی میں بہتر ہوگی یا نہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔