آئی پی ایل 2025: لکھنؤ کو شکست دے کر بنگلورو نے ’ٹاپ-2‘ میں بنائی جگہ، کوالیفائر-1 میں پنجاب سے ہوگا مقابلہ

لکھنؤ نے بنگلورو کے سامنے جیت کے لیے 228 رنوں کا پہاڑ رکھا تھا، لیکن وراٹ کوہلی اور جیتیش شرما کی تیز طرار نصف سنچریوں کی بدولت یہ ہدف بنگلورو نے محض 4 وکٹ کے نقصان پر 18.4 اوورس میں ہی حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>جیتیش شرما، تصویر @IPL</p></div>

جیتیش شرما، تصویر @IPL

user

تنویر

لکھنؤ کے میدان پر آج آئی پی ایل 2025 کا انتہائی دلچسپ مقابلہ کھیلا گیا، جس میں لکھنؤ کو ایک بڑا اسکور بنانے کے باوجود 6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لکھنؤ نے بنگلورو کے سامنے جیت کے لیے 228 رنوں کا پہاڑ رکھا تھا، لیکن وراٹ کوہلی اور جیتیش شرما کی تیز طرار نصف سنچریوں کی بدولت یہ ہدف بنگلورو نے محض 4 وکٹ کے نقصان پر 18.4 اوورس میں ہی حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی بنگلورو نے پوائنٹس ٹیبل میں ’ٹاپ-2‘ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ یہ ٹیم اب دوسرے مقام پر ہے، یعنی ’کوالیفائر-1‘ میں اس کا مقابلہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پنجاب سے 29 مئی کو ہوگا۔ ایلیمنیٹر مقابلہ گجرات اور ممبئی کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔

آج ٹاس بنگلورو نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ بنگلورو کو پہلی کامیابی میتھیو بریزکے (14 رن) کی شکل میں 25 کے مجموعی اسکور پر ہی مل گئی تھی، لیکن اس کے بعد سلامی بلے باز مشیل مارش (37 گیندوں پر 67 رن) اور کپتان رشبھ پنت (61 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 118 رن) کے درمیان تیز طرار 152 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ نکولس پورن (10 گیندوں میں 13 رن) آج کچھ خاص نہیں کر سکے، لیکن رشبھ پنت نے آئی پی ایل 2025 کے آخری لیگ میچ میں اپنے شیدائیوں کی خوب تفریح کی۔ ان کی طوفانی سنچری کی بدولت لکھنؤ نے 20 اوورس میں محض 3 وکٹ کے نقصان پر 227 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ بنگلورو کی جانب سے نوان تھسارا، بھونیشور کمار اور روماریو شیفارڈ کو 1-1 وکٹ ملے۔ تھسارا اور کرونال پانڈیا کے علاوہ سبھی گیندبازوں کی خوب دھنائی ہوئی۔


بنگلورو نے جب 228 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنا شروع کیا تو پہلے ہی اوور سے تیز رن بنانے کی کوششیں ظاہر کر دیں۔ فل سالٹ (19 گیندوں میں 30 رن) اور وراٹ کوہلی (30 گیندوں پر 54 رن) کے درمیان پہلے وکٹ کے لیے 61 رنوں کی بہترین شراکت داری ہوئی۔ رجت پاٹیدار محض 14 رن اور لیام لیونگسٹن بغیر کوئی رن بنائے لگاتار 2 گیندوں پر پویلین لوٹ گئے۔ یہاں پر بنگلورو مشکل میں دکھائی دے رہی تھی، لیکن کوہلی اور مینک اگروال نے رنوں کی رفتار کو کم نہیں ہونے دیا۔ جب کوہلی آؤٹ ہوئے تو لگا کہ بنگلورو بیک فٹ پر چلی جائے گی، لیکن جیتیش شرما نے آئی پی ایل کیریئر کی اپنی پہلی نصف سنچری اس طوفانی انداز میں بنائی کہ سبھی دیکھتے رہ گئے۔ ان کی قسمت میں اچھی رہی کہ آؤٹ ہونے کے کچھ مواقع لکھنؤ کے ہاتھ سے چلے گئے۔ کپتان جیتیش نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 85 رن بنائے۔ مینک اگروال بھی 23 گیندوں پر 41 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لکھنؤ کی جانب سے ولیم او رُرکی کو 2 وکٹ ضرور ملے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 74 رن خرچ کر دیے۔ لکھنؤ کی شکست کا اہم سبب یہی رن رہے۔ 1-1 وکٹ آکاش سنگھ اور اویس خان کے حصے میں آئے۔ ویسے کوئی بھی گیندباز ایسا نہیں رہا جس نے فی اوور 9 سے کم رن خرچ کیے ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔