آئی پی ایل 2025: جیتا ہوا میچ ہار گئی بنگلورو، کے ایل راہل کی طوفانی اننگ نے دہلی کو 6 وکٹ سے بنایا فتحیاب
دہلی کی جیت میں بطور بلے باز کے ایل راہل نے ناٹ آؤٹ 93 رن اور ٹرسٹن اسٹبس نے ناٹ آؤٹ 38 رن کا تعاون پیش کیا۔ گیندبازی میں کلدیپ یادو اور وپراج نگم نے کفایتی گیندبازی کے ساتھ 2-2 وکٹ بھی لیے۔

رائل چیلنجرس بنگلورو کو لگاتار دوسری بار اپنے گھر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی پی ایل 2025 کے اپنے پانچویں میچ میں بنگلورو کو دہلی کیپٹلز کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست ملی۔ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بنگلورو کی ٹیم ایک بار پھر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے فلاپ ثابت ہوئی اور صرف 163 رن ہی بنا سکی۔ کلدیپ یادو اور وپراج نگم کی اسپن جوڑی نے اس میں اہم کردار نبھایا۔ اس کے بعد جب دہلی کی بلے بازی آئی تو کے ایل راہل نے لگاتار دوسری نصف سنچری لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔
آج کھیلے گئے اس مقابلے میں بنگلورو کو ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنی پڑی۔ اس سے قبل گجرات ٹائٹنس کے خلاف بھی ٹیم کو پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شکست ملی تھی۔ اس بار بھی وہی کہانی دیکھنے کو ملی۔ حالانکہ اس بار ٹیم کی شروعات اچھی رہی تھی اور فل سالٹ نے آتے ہی طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے دہلی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا تھا۔ مچیل اسٹارک کے ایک اوور میں تو 30 رن بھی بٹورے گئے تھے۔ لیکن چوتھے اوور نے حالات بالکل بدل دیے۔ سالٹ اور کوہلی کے درمیان ایک غلط فہمی کے سبب سالٹ رن آؤٹ ہو گئے، اور یہیں سے بنگلورو کو ایک ایک رن کے لیے جدوجہد کرنی پڑی۔ وکٹ گرنے کا بھی سلسلہ چل پڑا جس نے حالات کو مزید مشکل بنا دیا۔
دہلی کے گیندباز وپراج نگم ، مکیش کمار اور کلدیپ یادو نے درمیان کے اوورس میں بنگلورو کے بلے بازوں پر لگام لگا دی۔ یہاں تک کہ کپتان رجت پاٹیدار اور جتیش شرما بھی اس بار کوئی کمال نہیں کر سکے۔ آخر میں ٹم ڈیوڈ نے محض 20 گیندوں میں تیزی کے ساتھ ناٹ آؤٹ 37 رن بنا کر کسی طرح ٹیم کا اسکور 163 رنوں تک پہنچا دیا۔
دہلی کے لیے 164 رنوں کا ہدف بہت مشکل نہیں تھا، لیکن اس کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ پانچویں اوور تک ہی ٹیم نے 3 وکٹ گنوا دیے تھے، اور پھر 58 رن پر چوتھا وکٹ بھی گر گیا۔ یہ وہ وقت تھا جب بنگلورو کو اپنی جیت نظر آنے لگی تھی، لیکن کے ایل راہل نے اپنے گھریلو میدان پر بہت سمجھداری سے کھیلنا شروع کیا۔ انھیں ٹرسٹن اسٹبس کا بھرپور ساتھ ملا اور ان دونوں کھلاڑیوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری نے ٹیم کو جیت دلا کر ہی دم لیا۔ کے ایل راہل نے شروع میں سنبھل کر کھیلا، لیکن آخر کے کچھ اوورس میں اچانک طوفانی انداز اختیار کر لیا۔ انھوں نے 53 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 93 رن بنائے۔ اسٹبس نے 23 گیندوں پر ایک چھکا اور 4 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 38 رنوں کا تعاون کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔