آئی پی ایل 2024: ممبئی انڈینز نے اٹھایا بڑا قدم، روہت شرما کی جگہ ہاردک پانڈیا کو بنایا کپتان

ممبئی انڈینز نے اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر بیان جاری کر ہاردک پانڈیا کو کپتان بنانے کی اطلاع دی ہے، بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اگلے سیزن میں کپتانی کریں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ہاردک پانڈیا، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ہاردک پانڈیا، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل 2024 سے ٹھیک پہلے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ فرنچائزی نے روہت شرما کی جگہ ہاردک پانڈیا کو کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یعنی آئندہ آئی پی ایل میں روہت شرما کی جگہ میدان پر ہاردک پانڈیا کپتانی کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ روہت طویل مدت سے ممبئی انڈینز کی کپتانی سنبھال رہے تھے۔ ممبئی نے ان کی کپتانی میں پانچ مرتبہ آئی پی ایل خطاب جیتا، لیکن اب روہت کو کپتانی کی ذمہ داری سے آزاد کر دیا گیا ہے۔

ممبئی نے اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر بیان جاری کر کے پانڈیا کو کپتان بنانے کی جانکاری دی ہے۔ ممبئی انڈینز نے اپنے بیان میں لکھا ہے کہ ’’ممبئی انڈینز ٹیم آج کپتانی میں تبدیلی کو لے کر اعلان کر رہی ہے۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اگلے سیزن میں کپتانی کریں گے۔ روہت شرما کی کپتانی میں ممبئی اب تک کامیاب رہی ہے۔ ہماری ٹیم روہت شرما کے تئیں شکرگزار ہے۔ ان کی 2013 سے اب تک کی مدت کار شاندار رہی ہے۔ وہ آئی پی ایل تاریخ کے بہترین کپتانوں میں سے ایک ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ روہت شرما ممبئی کے سب سے کامیاب کپتان رہے ہیں۔ ٹیم ان کی کپتانی میں پانچ مرتبہ چمپئن بنی۔ ممبئی نے 2013، 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں خطاب جیتا۔ اگر آئی پی ایل میں روہت شرما کی کارکردگی کو دیکھیں تو وہ بھی لاجواب رہا ہے۔ انھوں نے 243 میچوں میں 6211 رن بنائے ہیں۔ اس دوران ایک سنچری اور 42 ہاف سنچری بھی بنائی۔

جہاں تک ہاردک پانڈیا کی بات ہے، وہ ممبئی انڈینز کی طرف سے ہی کھیلتے تھے لیکن جب گجرات ٹائٹنس فرنچائزی بنی تو اس نے پانڈیا کو اپنا کپتان بنایا۔ پہلے ہی سیزن میں گجرات نہ صرف فائنل تک پہنچی بلکہ خطاب بھی جیت لیا۔ پھر دوسرے سیزن میں بھی ٹیم پانڈیا کی کپتانی میں فائنل تک پہنچی لیکن جیت نہیں ملی۔ ہاردک پانڈیا ہندوستان کی ٹی-20 ٹیم کی بھی بین الاقوامی سطح پر کپتانی کر چکے ہیں، ایسے میں ممبئی انڈینز نے پانڈیا کو ٹریڈ کے ذریعہ گجرات سے اپنی طرف کھینچا اور اب انھیں ٹیم کا کپتان بنانے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ حالانکہ ممبئی انڈینز کے اس فیصلے سے کئی کرکٹ شیدائی انتہائی ناراض ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’ShameOnMI‘ (ممبئی انڈینز شرم کرو) ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔