آئی پی ایل 2023: آج پہلے میچ میں ہوئی بارش، اور دوسرے میچ میں آیا رنوں کا طوفان، ممبئی انڈینز نے کیا حیران

پنجاب نے 20 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 214 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، اس ہدف کو ممبئی نے 7 گیندیں باقی رہتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئی پی ایل 2023 میں آج دو میچ کھیلے گئے جن میں سے ایک ٹیم کو 2 پوائنٹ ملے، 2 ٹیموں کو 1-1 پوائنٹ ملے اور ایک ٹیم کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی۔ دراصل آج پہلے میچ میں فرسٹ اننگ کا 4 گیند پھینکا جانا باقی تھا جب بارش شروع ہوئی، اور پھر اس کے بعد دوبارہ کھیل شروع ہی نہیں ہو سکا۔ یہ میچ لکھنؤ سپر جائنٹس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلا گیا جس میں لکھنؤ نے 19.2 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 125 رن بنائے۔ میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں دونوں ہی ٹیموں کو 1-1 پوائنٹ حاصل ہوا۔ دونوں ہی ٹیمیں 10-10 میچوں میں 11-11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔

دوسرا میچ ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان کھیلا گیا جو انتہائی دلچسپ رہا۔ میچ میں رنوں کا زبردست طوفان دیکھنے کو ملا اور گیندباز وکٹ کے لیے ترستے ہوئے دکھائی دیے۔ ممبئی کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور پنجاب نے 20 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 214 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ اس ہدف کو ممبئی نے 7 گیندیں باقی رہتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی کو 2 پوائنٹس حاصل ہوئے اور وہ 9 میچ میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے مقام پر پہنچ گئی۔ پنجاب کی ٹیم اس وقت 10 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں مقام پر ہے۔


ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز میچ کی بات کی جائے تو پنجاب کی طرف سے لیام لیونگسٹن نے 42 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 82 رن بنائے، جبکہ جتیش شرما نے 27 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 49 رن بنائے۔ ان دونوں کی ہی طوفانی بلے بازی کی وجہ سے ٹیم 3 وکٹ کے نقصان پر 214 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ ممبئی کی طرف سے صرف پیوش چاؤلا کفایتی گیندبازی کرنے میں کامیاب ہوئے جنھوں نے 4 اوور مین 29 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ جوفرا آرچر انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 56 رن دیے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہیں کیا۔ 1 وکٹ ارشد خان کو ملا، لیکن انھوں نے بھی 4 اوور میں 48 رن لٹا دیے۔

ممبئی کے سامنے جیت کے لیے رنوں کا پہاڑ تھا، اور بدقسمتی یہ رہی کہ پہلے ہی اوور میں کپتان روہت شرما باؤنڈری لائن پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیکن اس کے بعد ایشان کشن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے انھوں نے کیمرون گرین (18 گیندوں پر 23 رن) کے ساتھ 53 رنوں کی شراکت داری کی، اور پھر سوریہ کمار یادو کے ساتھ مل کر تو رنوں کی ایسی گنگا بہائی کہ پنجاب کے گیندباز بے بس نظر آئے۔ جب سوریہ کمار یادو محض 31 گیندوں پر 66 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو دونوں کے درمیان 116 رنوں کی شراکت داری ہو چکی تھی۔ پھر ایشان کشن بھی جلد ہی 41 گیندوں پر 75 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد مزید کوئی وکٹ نہیں گرا اور ٹم ڈیوڈ نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رن اور تلک ورما نے 10 گیندوں پر ناٹ آؤٹ طوفانی 26 رن بنا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔


پنجاب کے گیندبازوں کی پٹائی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چار گیندباز (عرشدیپ سنگھ، سیم کرن، راہل چاہر، ہرپریت برار) ایسے رہے جنھوں نے 10 یا اس سے زیادہ رن فی اوور رن کھائے۔ ناتھن ایلس کو ضرور 2 وکٹ ملے لیکن انھوں نے بھی 4 اوور میں 34 رن دے ڈالے۔ رشی دھون کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 3 اوور میں محض 20 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔