آئی پی ایل 2023: آج رنگا رنگ تقریب سے ہوگا کرکٹ کے سب سے بڑے میلہ کا آغاز، پہلا مقابلہ گجرات اور چنئی کے درمیان

افتتاحی تقریب میں نوجوانوں کے ہردلعزیز گلوکار اریجیت سنگھ پرفارم کرتے نظر آئیں گے، اور ساتھ ہی اداکارہ تمنا بھاٹیا و رشمیکا مندانا بھی لوگوں کے لیے تفریح کا سامان فراہم کرتی دکھائی دیں گی۔

<div class="paragraphs"><p>آئی پی ایل 2023، تصویر @IPL</p></div>

آئی پی ایل 2023، تصویر @IPL

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں آج سے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ، یعنی آئی پی ایل 2023 شروع ہونے والا ہے۔ تقریباً دو ماہ تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں 31 مارچ یعنی آج پہلا مقابلہ گجرات اور چنئی کے درمیان دیکھنے کو ملے گا جو کہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 7.30 بجے شام شروع ہوگا۔ لیکن اس سے پہلے آئی پی ایل کے اس سولہویں سیزن کا افتتاح ایک رنگارنگ پروگرام سے ہوگا۔

آئی پی ایل 2023 کی افتتاحی تقریب میں ایک بار پھر اداکاروں اور گلوکاروں کا زبردست پرفارمنس دیکھنے کو ملے گا۔ اس تقریب میں نوجوانوں کے ہردلعزیز گلوکار اریجیت سنگھ پرفارم کرتے نظر آئیں گے، اور ساتھ ہی اداکارہ تمنا بھاٹیا و رشمیکا مندانا بھی لوگوں کے لیے تفریح کا سامان فراہم کرتی دکھائی دیں گی۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف اور اداکارہ کیٹرینہ کیف ڈانس پرفارمنس سے ناظرین کو محظوظ کریں گے۔ یہ افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہوگی جسے اسٹار اسپورٹس نیٹورک پر براہ راست دیکھا جا سکے گا۔ جن کے پاس جیو سنیما ایپ کا سبسکرپشن ہے، وہ بھی اس افتتاحی تقریب کو آن لائن اسٹریمنگ پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔


آئی پی ایل 2023 کرکٹ شیدائیوں کے لیے کئی معنوں میں خاص ہونے والا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ اس مرتبہ 5 نئے اصولوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں سب سے اہم اصول ’امپیکٹ پلیئر‘ ہے۔ دراصل اس سیزن میں اب 11 کی جگہ 12 کھلاڑی کھیلتے دکھائی دیں گے۔ امپیکٹ پلیئر کا استعمال کوئی بھی ٹیم 14ویں اوور سے پہلے کر سکتی ہے۔ یہ اصول گیندبازی اور بلے بازی کر رہی دونوں ٹیموں پر نافذ ہوگا۔ مجموعی طور پر اس اصول کو شامل کرنے سے آئی پی ایل 2023 کافی دلچسپ ہونے والا ہے۔ علاوہ ازیں کپتان کے ذریعہ پلیئنگ الیون شیئر کرنے کی ٹائمنگ اور ڈی آر ایس کے اصول میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جو قابل ذکر ہے۔

جہاں تک آج ہونے والے میچ کی بات ہے، دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس اور مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی چنئی سپر کنگز دونوں ہی ٹیمیں مضبوط دکھائی دے رہی ہیں۔ گجرات کی ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین مجموعہ ہے، جبکہ چنئی میں بیشتر عمر دراز کھلاڑی ہیں۔ چنئی کی سب سے بڑی مضبوطی یہ ہے کہ اس کے پاس آل راؤنڈرس کی بڑی تعداد ہے۔ آئی پی ایل 2023 کا پہلا مقابلہ اس لیے بھی دلچسپ ہونے والا ہے کیونکہ یہ مقابلہ استاد اور شاگرد کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا ہے۔ دراصل گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا کئی مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ وہ دھونی کو اپنا رول ماڈل اور استاد مانتے ہیں۔ اس طرح آج دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ استاد بازی مارتا ہے یا شاگرد دَہلا ثابت ہوتا ہے۔ بہرحال، دونوں ٹیموں کی ممکنہ پلیئنگ الیون اس طرح ہیں:


گجرات ٹائٹنس: شبھمن گل، کین ولیمسن، شریکر بھرت (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا (کپتان)، میتھیو ویڈ، راہل تیوتیا، آر سائی کشور، راشد خان، یش دیال، الزاری جوزف، محمد سمیع۔

چنئی سپر کنگز: ریتوراج گائیکواڈ، ڈیوون کانوے، بین اسٹوکس، امباتی رائیڈو، معین علی، رویندر جڈیجہ، شیوم دوبے، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر، کپتان)، ڈوین پریٹوریس، دیپک چاہر، سمرجیت سنگھ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */