آئی پی ایل 2023: چنئی 227 رن بنانے کے باوجود بنگلور کو بمشکل ہرا پایا، پورے میچ میں پڑے 33 چھکے

چنئی سپر کنگز کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب گیندباز تشار دیشپانڈے رہے جنھوں نے 4 اوور میں 45 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔

<div class="paragraphs"><p>تشار دیشپانڈے، @IPL</p></div>

تشار دیشپانڈے، @IPL

user

قومی آوازبیورو

آئی پی ایل 2023 کا آج 24واں مقابلہ تھا جو چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ نے دکھا دیا کہ آخر رنوں کی بارش کیا ہوتی ہے۔ جب چنئی نے 227 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ اسے جیتنے کے لیے بہت زیادہ مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، لیکن بنگلور نے جلدی جلدی 2 وکٹ گرنے کے باوجود جس طرح چنئی کے گیندبازوں کی دھجیاں اڑائیں، کبھی بھی ایسا نہیں لگا کہ وہ میچ میں نہیں ہیں۔ پھر آخر میں بنگلور کی بلے بازی لڑکھڑا گئی اور ایک دلچسپ مقابلے میں چنئی نے 8 رنوں سے جیت حاصل کر لی۔

آج بنگلور کے کپتان فاف ڈوپلیسس نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ محمد سراج نے ریتوراج گائیکواڈ (3 رن) کو سستے میں پویلین بھیج کر بہترین شروعات بھی کر دی تھی، لیکن پھر جو رنوں کی بارش شروع ہوئی تو وکٹ گرتے رہنے کے باوجود تھمتی ہوئی دکھائی نہیں دی۔ ڈیوون کانوے نے 45 گیندوں پر 83 رن، اجنکیا رہانے نے 20 گیندوں پر 37 رن، شیوم دوبے نے 27 گیندوں پر 52 رن، امباتی رائیڈو نے 6 گیندوں پر 14 رن، معین علی نے 9 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رن اور رویندر جڈیجہ نے 8 گیندوں پر 10 رن بنا ڈالے۔ کپتان دھونی 1 گیند پر 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یعنی ہر کھلاڑی نے تیز بلے بازی کی اور نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 226 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔


بنگلور کی طرف سے گیندبازی کرنے والے سبھی گیندبازوں کو 1-1 وکٹ حاصل ہوئے۔ سب سے اچھی گیندبازی محمد سراج نے کی جنھوں نے 4 اوور میں 30 رن دیے۔ باقی کوئی بھی گیندباز ایسا نہیں رہا جنھوں نے فی اوور 10 سے کم رن لٹائے ہوں۔ گزشتہ میچ میں بہترین گیندبازی کرنے والے وجئے کمار وشاک نے تو 4 اوور میں 62 رن لٹا دیے۔

جب بنگلور 227 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری تو پہلے ہی اوور میں سلامی بلے باز وراٹ کوہلی آگے بڑھ کر کھیلتے دکھائی دیے اور کچھ اچھے شاٹ بھی لگائے۔ لیکن بدقسمتی رہی کہ ایک گیند ان کے پیر کے نچلے حصے میں لگ کر وکٹ کی طرف چلی گئی اور وہ آؤٹ ہو گئے۔ وہ محض 6 رن بنا سکے۔ اس کے بعد مہیپال لومرور بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پھر کپتان ڈوپلیسس اور میکسویل کا طوفان شروع ہوا جس نے چنئی کے خیمہ میں فکر پیدا کر دی۔ میکسویل (36 گیندوں پر 76 رن) جب 13ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 141 پہنچ گیا تھا، یعنی بنگلور بہت اچھی حالت میں تھی۔ پھر ڈوپلیسس (33 گیندوں پر 62 رن) بھی 14ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ یہ وہ وقت تھا جب بنگلور مشکل میں پھنستی ہوئی دکھائی دی۔ شہباز احمد 10 گیندوں پر 12 رن اور دنیش کارتک 14 گیندوں پر 28 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے اور چنئی کی مقابلے میں واپسی ہوئی۔ آخری اوور میں بنگلور کو جیت کے لیے 19 رن بنانے تھے لیکن 10 رن ہی بن سکے۔ پربھودیسائی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے جنھوں نے 11 گیندوں پر 19 رن کی اننگ کھیلی۔


چنئی کی طرف سے سب سے زیادہ کامیاب گیندباز تشار دیشپانڈے رہے جنھوں نے 4 اوور میں 45 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔ 2 وکٹ متھیشا پتھیرانا کے حصے میں آئے جنھوں نے 4 اوور میں 42 رن دیے۔ آکاش سنگھ (3 اوور میں 35 رن)، مہیش تیکشنا (4 اوور میں 41 رن) اور معین علی (1 اوور میں 11 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔ رویندر جڈیجہ کو کوئی وکٹ نہیں ملا جنھوں نے 4 اوور میں 37 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔