آئی پی ایل: کوارنٹائن کے 6 دن لاک ڈاؤن کے 4 مہینوں سے زیادہ مشکل... محمد سمیع
محمد سمیع آئی پی ایل-13 میں کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے نظر آئیں گے۔ ٹیم اور شائقین کو سمیع سے بہت زیادہ امیدیں ہیں کیونکہ انہوں نے پچھلے کچھ سالوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

دبئی: ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سرکردہ تیز گیند باز محمد سمیع نے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد کوارنٹائن کی لازمی 6 روزہ مدت کے تجربے کے بارے میں کہا کہ میرے لئے ہوٹل کے کمرے میں گزارے ہوئے 6 دن لاک ڈاؤن کے 4 مہینوں سے زیادہ مشکل لگے ۔ محمد سمیع نے بتایا کہ ان کے لئے 6 دن تک ہوٹل کے کمرے کے اندر رہنا بہت مشکل تھا۔ چار ماہ سب کے لئے بہت مشکل رہے ، چاہے وہ کھلاڑی ہو یا عام آدمی۔ خدا کا شکر ہے کہ مجھے اپنی تربیت کرنے کی سہولت ملی۔ جب ہم یہاں (یو اے ای) آئے اور کوارنٹائن رہے تو میرے لئے ہوٹل کے کمرے میں گزارے ہوئے 6 دن لاک ڈاؤن کے 4 مہینوں سے زیادہ مشکل لگے کیونکہ میں ان مہینوں میں خود تربیت کرا رہا تھا ، ضرورت مندوں کی مدد کر رہا تھا اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف تھا۔لیکن اِن 6 دنوں میں میں نے محسوس کیا کہ لاک ڈاؤن کے چار مہینے لوگوں کے لئے کتنے مشکل رہے ہوں گے۔لیکن اب میدان میں راحت محسوس کررہا ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ اگر کوئی ہندستانی کرکٹر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے کھیل پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہا تھا تو وہ فاسٹ بولر محمد سمیع تھے۔ لاک ڈاؤن میں سمیع نے اپنے فارم ہاؤس میں نیٹ کے ذریعہ بالنگ کی مشق کی تھی اور اب وہ انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں اپنی بولنگ کا جلوہ دکھانے کے لئے تیار ہیں۔
سمیع نے کہا کہ یہ کھلاڑیوں کے لئے زیادہ مشکل ہے کیونکہ ان کی پوری زندگی مشق و محنت پر ہوتی ہے اور شاید ہی کوئی ایسا مرحلہ ہو جب کھلاڑی انجری یا چوٹ کے بغیر گھر کے اندر ہی رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ جب آپ کو دن رننگ کی عادت ہوتی ہے تو گھر میں رہنا بہت مشکل ہوتا ہے خاص طور پر ان لوگوں کے لئے جو پیشہ ور ہیں اور جنہوں نے کرکٹ کو ترجیح دی ہے۔ یہ آپ کو پریشان کرتا ہے اور آپ کو بے چین کرتا ہے لیکن میں بہت سی سرگرمیوں میں بہت مصروف رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کھیت میں بہت زیادہ وقت مزدوروں کے ساتھ کام کیا۔ میں اپنی سرگرمیوں اور تربیت میں مصروف تھا۔ جن دوستوں سے میں نے بات کی ہے وہ خدا کا شکر گزار ہیں کہ میں ایک محفوظ جگہ پر ہوں۔اہم بات یہ ہے کہ محمد سمیع آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن میں کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اس سیزن میں ٹیم اور شائقین کو سمیع سے بہت زیادہ امیدیں ہیں کیونکہ انہوں نے پچھلے کچھ سالوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔