ہندوستان کے طوفانی سلامی بلے باز ابھشیک شرما نے ’ریٹنگ پوائنٹس‘ کا بنایا عالمی ریکارڈ
آئی سی سی رینکنگ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کا عالمی ریکارڈ اب تک ڈیوڈ ملان کے نام تھا۔ انگلینڈ کے اس بلے باز نے 919 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ اِس وقت ابھشیک کا ریٹنگ پوائنٹ 931 ہے۔

ٹی-20 کرکٹ میں اپنی طوفانی بلے بازی سے حریف گیندبازوں میں خوف پیدا کرنے والے ہندوستانی کرکٹر ابھشیک شرما نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ آئی سی سی کی تازہ ٹی-20 رینکنگ میں انھوں نے 931 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں، جو کہ کسی بھی کھلاڑی کے ذریعہ حاصل سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ابھشیک شرما ٹی-20 رینکنگ میں پہلے سے ہی دنیا کے نمبر-1 بلے باز ہیں، اور اب انھوں نے اپنی اس پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ اب تک انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان کے نام تھا۔ انھوں نے 919 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے تھے، لیکن اب 931 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ابھشیک شرما نے ملان کے ریکارڈ کو اپنے نام کر لیا ہے۔ آئی سی سی رینکنگ میں وہ 900 ریٹنگ پوائنٹس یا اس کو پار کرنے والے دنیا کے چھٹے بلے باز ہیں۔ آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ میں سوریہ کمار یادو 912 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ وراٹ کوہلی نے 909 ریٹنگ پوائنٹس تک رسائی حاصل کی ہے۔ ابھشیک ان دونوں ہی بلے بازوں سے آگے نکل گئے ہیں۔
بہرحال، آئی سی سی کی تازہ ٹی-20 رینکنگ میں ابھشیک شرما نے نمبر-1 مقام پر قبضہ جمایا ہوا ہے ہی، ہندوستان کے ایک دیگر بلے باز تلک ورما نے بھی بلے بازی رینکنگ میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ان کے اِس وقت 819 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ابھشیک اور تلک کے درمیان میں دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے بلے باز فل سالٹ ہیں، جن کے 844 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ تازہ ٹی-20 رینکنگ میں ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو کو نقصان ہوا ہے۔ وہ چھٹے نمبر سے آٹھویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ سوریہ کمار کو ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ ان کے اِس وقت 698 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔