آسٹریلیا میں ہندوستان کی تاریخی فتح، ٹیسٹ سیریز پر 2-1 سے جمایا قبضہ

ہندوستان نے چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا کو اس کے گھر میں ہرا کر تاریخ رقم کر دی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

برسبین کے گابا میں کھیلے گئے بارڈر گاوسکر ٹرافی کے چوتھے میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹ سے ہرا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے چار میچوں کی یہ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ گابا کے میدان پر پہلی بار کسی ٹیم نے 300 رنوں سے زیادہ کے ہدف کا کامیابی کے ساتھ تعاقب کیا۔

آسٹریلیا میں ہندوستان نے دوسری مرتبہ ٹیسٹ سیریز پر قبضہ کیا ہے۔ اس سے پہلے 2018-19 کے دورے پر بھی ٹیم انڈیا نے آسٹریلا کو چار میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ اس وقت ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف اس کے گھر میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ایشیا کی پہلی ٹیم بنی تھی۔ اب ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر سے آسٹریلیا کو اس کے گھر میں ہرا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔


ہندوستان کی اس تاریخی جیت کے ہیرو رہے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور سلامی بلے باز شبھمن گل۔ پنت نے 138 گیندوں میں 89 رن بنائے اور نابعد رہے۔ اس دوران انہوں نے نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 1000 رن بنانے والے ہندوستانی وکٹ کیپر بھی بن گئے۔ وہیں، شبھمن گل نے 146 گیندوں میں 91 رنوں کی شارندرا ننگز کھیلی۔ اپنی اس اننگز میں انہوں نے 8 چوکے اور دو چھکے لگائے۔

پنت اور گل کے علاوہ چیتشور پجارا نے بھی ٹیم انڈیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 211 گیندوں میں 56 رنوں کا تعاون دیا اور ایک سرے پر جمے رہے۔ گابا کی ٹوٹی ہوئی پچ پر پجارا دیوار بن کر کھڑے رہے اور ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا۔ پجارا کی وجہ سے ہی پنت تیزی سے رن بناتے رہے اور ہندوستان کو تاریخی جیت سے ہمکنار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 19 Jan 2021, 1:22 PM
    /* */