ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر ہندوستان کی گرفت مضبوط، ’ٹریپل سنچری‘ سے 286 رنوں کی ہوئی سبقت

احمد آباد ٹیسٹ کا دوسرا دن پوری طرح سے ہندوستانی بلے بازوں کے نام رہا۔ آج کے ایل راہل، دھرول جوریل اور رویندر جڈیجہ نے اپنی اپنی سنچری مکمل کی۔ اب بھی ہندوستان کے 5 ہی وکٹ آؤٹ ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>(بائیں سے دائیں) کے ایل راہل، دھرو جوریل اور رویندر جڈیجہ، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ احمد آباد میں کھیلا جا رہا ہے۔ آج دوسرے دن ہندوستان نے اپنی گرفت اس ٹیسٹ میچ پر انتہائی مضبوط کر لی ہے۔ پہلے دن ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ 162 رنوں پر سمٹ گئی تھی اور جواب میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹ کے نقصان پر 121 رن بنائے تھے۔ آج پورے دن ہندوستان کے محض 3 وکٹ ہی گرے اور کل کے اسکور میں 327 رن جوڑ دیے۔ خاص بات یہ رہی کہ آج ہندوستان کی طرف سے ’ٹریپل سنچری‘ لگی، یعنی 3 کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچری مکمل کی۔

احمد آباد ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو ہندوستانی کپتان شبھمن گل 18 رن بنا کر اور کے ایل راہل 53 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ دونوں نے ہی ہندوستانی اننگ کو بہت سمجھداری کے ساتھ آگے بڑھایا، لیکن 50 رن کے ذاتی اسکور پر شبھمن گل روسٹن چیز کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد کے ایل راہل دھرو جوریل کے ساتھ مل کر اچھی شراکت داری کر رہے تھے، لیکن 197 گیندوں پر 100 رن بنا کر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔ انھیں وریکن گریوس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 218 رن تھا۔


پانچویں وکٹ کے لیے ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کو طویل انتظار کرنا پڑا۔ جوریل اور رویندر جڈیجہ دونوں ہی اسپن کے ساتھ ساتھ تیز گیندبازوں کو بھی بہت اچھے انداز میں کھیل رہے تھے۔ اسی کا نتیجہ رہا کہ جوریل اور جڈیجہ کے درمیان شاندار 206 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ جوریل بہت اچھی بلے بازی کر رہے تھے، لیکن 210 گیندوں میں 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 125 رن بنا کر اسپنر پیئرے کے شکار بن گئے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے میں محض 5 اوورس باقی تھے۔ لیکن اس کے بعد ہندوستان کی طرف سے مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔ رویندر جڈیجہ 176 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ ان کے ساتھ واشنگٹن سندر بھی 13 گیندوں پر 9 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستانی بلے بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ہندوستان کی سبقت پہلی اننگ میں 286 رنوں کی ہو چکی ہے۔ یہ اسکور دوسری اننگ میں ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کے لیے کافی ہے، لیکن احمد آباد ٹیسٹ ختم ہونے میں ابھی مزید 3 دن باقی ہیں۔ اس لیے ہندوستان کی کوشش ہوگی کہ پہلی اننگ میں جتنا زیادہ رن ہو سکے، بنا لیا جائے۔ یہ ہندوستان کے بچے ہوئے بلے بازوں کے لیے بھی بہترین موقع ہے، جب وہ زیادہ سے زیادہ رن بنا کر ٹیم میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔