ایشین گیمز 2023 میں ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم بنی چمپئن، گولڈ میڈل پر قبضہ

ایشین گیمز میں پہلی مرتبہ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے حصہ لیا اور پہلی ہی کوشش میں اس نے طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے، آج فائنل میچ میں اس نے سری لنکائی خاتون کرکٹ ٹیم کو 19 رنوں سے شکست دے دی۔

<div class="paragraphs"><p>ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم، تصویر @BCCIWomen</p></div>

ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم، تصویر @BCCIWomen

user

تنویر

ایشین گیمز 2023 میں آج خاتون کرکٹ کا فائنل میچ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ اس دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے 19 رنوں سے جیت حاصل کر طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایشین گیمز میں ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے پہلی بار شرکت کی اور پہلی ہی کوشش میں اس نے ملک کے لیے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے 117 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن سری لنکائی ٹیم 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 97 رن ہی بنا سکی۔

آج کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ کم اسکورنگ والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کو بہترین شروعات ملی کیونکہ سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا (45 گیندوں پر 46 رن) اور پہلا وکٹ جلدی گرنے کے بعد بلے بازی کے لیے آئی جیمیما روڈرگز (40 گیندوں پر 42 رن) نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں ہی بدقسمت رہیں جو نصف سنچری نہیں بنا پائیں۔ پندرہویں اوور میں مندھانا کی شکل میں دوسرا وکٹ گرا تھا، اس کے بعد وکٹ گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تو رنوں کی رفتار بھی دھیمی پڑ گئی۔ اسمرتی اور جیمیما کے علاوہ کوئی بھی ہندوستانی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائی۔ رچا گھوش اور شفالی ورما نے 9-9 رن بنائے۔ ہندوستان نے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 116 رن بنائے۔


سری لنکائی گیندبازوں کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے آخر میں ہندوستانی بلے بازوں کو زیادہ رن بنانے کا موقع نہیں دیا۔ اودیشکا پربودھنی نے 3 اوورس میں 16 رن دے کر 2 وکٹ اور انوکا راناویرا نے 4 اوورس میں 21 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ سوگندیکا کماری کو بھی ملے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 30 رن خرچ کر دیے۔

سری لنکا کو 117 رنوں کا ہدف ملا جو بہت بڑا نہیں تھا، لیکن اس پورے ٹورنامنٹ میں کم اسکورنگ کے دیکھتے ہوئے یہ اسکور بہت آسان بھی نہیں تھا۔ لیکن کپتان اور سلامی بلے باز چماری اٹاپٹو نے دیپتی شرما کے پہلے ہی اوور میں 12 رن بنا کر ہندوستانی ٹیم پر زبردست دباؤ شروع میں ہی بنا دیا۔ حالانکہ ٹیٹس سدھو کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں انوشکا سنجیونی اور (1 رن) وشمی گنارتنے (صفر) کو پویلین بھیج کر سری لنکا کو بیک فٹ پر بھیج دیا۔ اپنے دوسرے ہی اوور میں خطرناک نظر آ رہی چماری اٹاپٹو کو بھی انھوں نے 12 رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔


یہاں سے سری لنکا کو ہسینی پریرا اور نیلاکشی ڈی سلوا نے سنبھالا، لیکن ہسینی پریرا 22 گیندوں پر 25 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں، ٹیم پوری طرح لڑکھڑا گئی اور 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 97 رن ہی بنا سکی۔ وکٹ لگاتار گرنے سے رنوں کی رفتار بھی گھٹتی گئی اور نیلاکشی (34 گیندوں پر 23 رن) کے بعد صرف اوشادی راناسنگھے ہی ایسی بلے باز رہیں جو اچھی بلے بازی کر سکیں۔ انھوں نے 26 گیندوں پر 19 رنوں کا تعاون دیا۔ باقی بلے باز دوسرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔

ہندوستان کی طرف سے ٹیٹس سدھو نے 4 اوورس میں محض 6 رن دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 2 وکٹ راجیشوری گائیکواڈ کو ملے جنھوں نے 3 اوور میں 20 رن دیے۔ 1-1 وکٹ دیپتی شرما (4 اوورس میں 25 رن)، پوجا وسترکر (4 اوورس میں 20 رن) اور دیویکا ویدیہ (4 اوورس میں 15 رن) کو ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔