ہندوستانی ٹیم کا چمپئنز ٹرافی پر قبضہ، فائنل مقابلے میں انگلینڈ کو 79 رنوں سے دی شکست

فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی-20 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کو 79 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کا خطاب اپنے نام کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>بشکریہ&nbsp;@dcciofficial</p></div>

بشکریہ@dcciofficial

user

قومی آواز بیورو

فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی-20 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل مقابلے میں آج ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 79 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی-20 چیمپئنز ٹرافی کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ اس چمپئنز ٹرافی کا انعقاد سری لنکا میں کیا گیا تھا۔ چمپئنز ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی کافی شاندار رہی۔ پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کو صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں اپنے روایتی حریف پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنائی تھی۔

فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی-20 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ فائنل میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 20 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 197 رن بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے یوگیندر سنگھ بھدوریا نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 73 رنوں کی زبردست اننگ کھیلی۔ ماجد ماگرے نے بھی 19 گیندوں پر 33 رنوں کی تیز طرار اننگ کھیلی جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم کا اسکور 197 رن ہو پایا۔ 198 رنوں کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اتری انگلینڈ ٹیم صرف 118 رن ہی بنا سکی، اور اس طرح ہندوستانی ٹیم نے 79 رنوں سے شاندار جیت حاصل کر لی۔


قابل ذکر ہے کہ فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی-20 چیمپئنز ٹرافی میں کُل 4 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ ہندوستان، انگلینڈ اور پاکستان کے علاوہ میزبان سری لنکا کی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کا حصہ تھیں۔ ٹورنامنٹ کے لیگ مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم سب سے کامیاب ٹیم رہی تھی۔ ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اپنے 6 میچوں میں سے 5 میں جیت حاصل کی صرف ایک میچ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت وکرانت رویندر کینی کے ہاتھ میں تھی۔ ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2 دفعہ مقابلہ ہوا اور دونوں میں ہی ہندوستان نے پاکستان کو شکست سے ہمکنار کیا۔ واضح ہو کہ ہندوستانی ٹیم کو گروپ اسٹیج کے مقابلے میں جو ایک شکست ہوئی تھی وہ انگلینڈ کے ہاتھوں ہی ہوئی تھی۔ فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو ہرا کر اپنا بدلہ پورا کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔