شبمن گل کی ڈبل سنچری کو پھیکا نہیں کر سکی بریسویل کی طوفانی پاری، ہندوستان کی نیوزی لینڈ پر 12 رنوں سے جیت

نیوزی لینڈ ایک وقت 131 رنوں پر 6 وکٹ گنوا کر جدوجہد کرتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، لیکن مائیکل بریسویل اور مشیل سینٹنر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>شبمن گل</p></div>

شبمن گل

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان نے تین یک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے اور انتہائی دلچسپ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 12 رنوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کے سامنے ہندوستان نے جیت کے لیے 350 رنوں کا ایک بڑا ہدف رکھا تھا، لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اسے ایک دھڑکنیں تیز کر دینے والا مقابلہ بنا دیا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 49.2 اوور میں 337 رن بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کے لیے مائیکل بریسویل نے 78 گیندوں پر 140 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے بریسویل نیوزی لینڈ کو جیت دلاتے ہوئے شبمن گل کی ڈبل سنچری کو پھیکا کر دیں گے، لیکن وہ آخری وکٹ کی شکل میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ بریسویل نے اپنی اننگ کے دوران 10 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔

نیوزی لینڈ ایک وقت 131 رنوں پر 6 وکٹ گنوا کر جدوجہد کرتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے نیوزی لینڈ کی ٹیم آسانی سے میچ ہار جائے گی، لیکن مائیکل بریسویل اور مشیل سینٹنر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا۔ بریسویل اور سینٹنر کے درمیان تیز طرار 163 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ ایک وقت جب رن تیزی کے ساتھ بہتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، آخر کے اوورس  میں ہندوستانی گیندبازوں نے واپسی کی اور اہم مواقع پر وکٹ حاصل کیے۔ مشیل سینٹنر کو 57 رنوں (45 گیند) کے انفرادی اسکور پر محمد سراج نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد اگلی ہی گیند پر سراج نے ہنری شپلی (صفر) کو بولڈ آؤٹ کر دیا۔ پھر لاکی فرگوسن (8 رن) کو ہاردک پانڈیا نے کیچ آؤٹ کرایا، اور آخر میں مائیکل بریسویل کو شاردل ٹھاکر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر جیت ہندوستانی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے سلامی بلے باز فن ایلن بھی ایک ایسے بلے باز تھے جنھوں نے 40 رنوں کی بہترین اننگ کھیلی تھی۔


ہندوستان کی طرف سے گیندباز محمد سراج سب سے خطرناک ثابت ہوئے۔ انھوں نے 10 اوور میں 55 رن دے کر 4 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کلدیپ یادو اور شاردل ٹھاکر کو 2-2 وکٹ حاصل ہوئے، جبکہ محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے 1-1 وکٹ حاصل کیے۔ ہاردک پانڈیا آج کافی مہنگے ثابت ہوئے کیونکہ انھوں نے 7 اوور میں 70 رن دے دیے۔

اس سے قبل ہندوستان کے سلامی بلے باز شبمن گل نے وَن مین آرمی کی طرح کھیلتے ہوئے تیز طرار 208 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انھوں نے 149 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چھکے اور 19 چوکے لگائے۔ وہ پچاسویں اوور کی دوسری گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ہندوستان کا اسکور 345 رن تھا۔ ہندوستان کی طرف سے کپتان روہت شرما نے 38 رن کی اچھی اننگ کھیلی، لیکن ایک بار پھر وہ اپنی شروعات کو بڑی پاری میں بدل نہیں پائے۔ سوریہ کمار یادو بھی اچھے دکھائی دے رہے تھے لیکن 31 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ہاردک پانڈیا بھی 28 رن ہی بنا سکے۔ ایک سرے پر ہندوستانی بلے باز چھوٹے چھوٹے اسکور بنا کر پویلین لوٹتے رہے، اور دوسرے سرے پر شبمن گل نے تاریخی اننگ کھیلتے ہوئے ڈبل سنچری مکمل کی۔


نیوزی لینڈ کی طرف سے ہنری شپلی اور ڈیرل مشیل نے 2-2 وکٹ حاصل کیے، جبکہ لوکی فرگوسن، بلیئر ٹکنر اور مشیل سینٹنر نے 1-1 وکٹ لیے۔ آج 12 رنوں سے ملی جیت کے بعد ہندوستان اس سیریز میں 0-1 سے آگے ہو گیا ہے۔ شبمن گل کو ان کی ڈبل سنچری اننگ کے لیے ’پلیئر آف دی میچ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یک روزہ سیریز کا دوسرا میچ 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔