ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، روہت بریگیڈ میں سنجو سیمسن کی شمولیت، رنکو سنگھ کو نہیں ملا موقع

ہندوستانی ٹیم کی کپتانی امید کے مطابق روہت شرما کے ہاتھوں میں ہی رہے گی، جبکہ ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان بنایا گیا ہے، کے ایل راہل 15 رکنی ہندوستانی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی</p></div>

ٹیم انڈیا / بی سی سی آئی

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کے لیے انتظار کی گھڑیاں آج اس وقت ختم ہو گئیں، جب بی سی سی آئی نے ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ بی سی سی آئی نے 15 کھلاڑیوں کے ناموں پر مہر لگا دی ہے اور بڑی بات یہ ہے کہ روہت شرما ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ ہاردک پانڈیا کی ٹیم میں شمولیت کو لے کر کچھ لوگ اندیشے ظاہر کر رہے تھے، لیکن انھیں نہ صرف روہت بریگیڈ میں شامل کیا گیا ہے بلکہ نائب کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔

اجیت اگرکر کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے ہندوستانی ٹیم کا انتخاب کرتے وقت کئی چیزوں کو مدنظر رکھا جس میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی پچ بھی تھی۔ کھلاڑیوں کے انتخاب میں کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کا بھی انتہائی اہم کردار رہا۔ کپتان اور کوچ سے بات کرنے کے بعد ہی سلیکٹرس نے کھلاڑیوں کے ناموں پر مہر لگائی۔ جب یہ لسٹ سامنے آئی تو کچھ اہم نام دکھائی نہیں پڑے جن میں ایک نام رنکو سنگھ کا بھی ہے۔ رنکو سنگھ کو 15 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے، لیکن انھیں ان چار کھلاڑیوں میں ضرور شامل کیا گیا ہے جو ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے۔ یعنی ٹورنامنٹ کے دوران اگر ضرورت پڑی تو انھیں موقع مل سکتا ہے۔


روہت بریگیڈ میں شامل کیے گئے ناموں میں ایک نام سنجو سیمسن کا ہے جو ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک بڑی خبر ہے۔ کے ایل راہل پر سنجو سیمسن کو ترجیح دی گئی ہے، یعنی راہل کو ٹی-20 عالمی کپ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل پائے گا۔ آئی پی ایل میں طوفانی بلے بازی کر رہے شیوم دوبے کو بھی ہندوستانی ٹیم میں جگہ مل گئی ہے اور قوی امکان ہے کہ وہ پلیئنگ-11 میں بھی شامل کیے جائیں گے۔

ہندوستانی ٹیم پر نظر ڈالیں تو ہندوستانی بلے بازی کا دار و مدار پوری طرح سے روہت شرما، یشسوی جیسوال، سوریہ کمار یادو اور وراٹ کوہلی کے کندھوں پر ہوگا۔ گیندبازی میں جسپریت بمراہ فاسٹ بالنگ کو لیڈ کریں گے۔ اسپن ڈپارٹمنٹ میں کلدیپ یادو تو موجود ہیں ہی، یجویندر چہل کی واپسی ہوئی ہے۔ یعنی ٹی-20 عالمی کپ میں ’کلچا‘ کو ایک ساتھ گیندبازی کرتے ہوئے دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ ان کے علاوہ 15 رکنی ٹیم میں اکشر پٹیل، رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ، محمد سراج اور عرشدیپ سنگھ جیسے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ جن 4 کھلاڑیوں کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، ان میں رنکو سنگھ کے علاوہ شبھمن گل، خلیل احمد اور اویس خان شامل ہیں۔


ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے 15 رکنی ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے:

روہت شرما (کپتان)، یشسوی جیسوال، سوریہ کمار یادو، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، رویندر جڈیجہ، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، عرشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ، محمد سراج۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔