آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستانی کپتان شبھمن گل کی بڑی چھلانگ، جو روٹ نہیں رہے نمبر 1 بلے باز
انگلینڈ کے نوجوان بلے باز ہیری بروک نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ جو روٹ پہلے مقام سے پچھل کر دوسرے مقام پر چلے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ٹیسٹ رینکنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 15 بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شبھمن نئی آئی سی سی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ ٹیسٹ رینکنگ میں انھیں 21واں مقام حاصل تھا۔ تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں ایک بڑی تبدیلی یہ دیکھنے کو ملی ہے کہ دنیا کے نمبر 1 بلے باز جو روٹ ایک مقام پیچھے ہو کر دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
شبھمن گل انگلینڈ دورہ پر جب پہنچے تھے تو ناقدین ان کی تکنیک پر سوال اٹھا رہے تھے۔ انھوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے ناقدین کا منھ اب پوری طرح بند کر دیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں انھوں نے سنچری لگائی تھی، حالانکہ وہ ٹیسٹ میچ ہندوستان ہار گیا تھا۔ اس کے بعد گل نے ایجبسٹن میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کی، اور دوسری اننگ میں بھی سنچری بنا ڈالی۔ ایجبسٹن ٹیسٹ میں مجموعی طور پر انھوں نے 430 رن بنائے، اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر وہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں اب چھٹے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ شبھمن کے اس وقت 807 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 1 کی پوزیشن انگلینڈ کے نوجوان بلے باز ہیری بروک نے حاصل کر لی ہے۔ اس کھلاڑی نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 99 اور دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں شاندار سنچری لگائی۔ ان 2 بہترین کارکردگی کی بدولت وہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے مقام پر پہنچ گئے۔ جو روٹ کی بات کی جائے، تو وہ دونوں ہی ٹیسٹ میچ میں ناکام رہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نمبر 1 کی پوزیشن برقرار نہیں رکھ پائے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں شامل دیگر بلے بازوں کی بات کریں، تو تیسرے مقام پر نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن، چوتھے مقام پر ہندوستانی سلامی بلے باز یشسوی جیسوال اور پانچویں مقام پر آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا بووما ساتویں مقام پر قابض ہیں، جبکہ ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو آٹھواں مقام حاصل ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔