گلابی ٹیسٹ میں ہندوستان کی زبردست گیند بازی، بنگلہ دیش 106 رونوں پر ڈھیر

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گلابی گیند سے یہ پہلا دن رات ٹیسٹ ہے اور دو میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: ایشانت شرما (22 رن پر پانچ وکٹ) کی قیادت میں تیز گیندبازوں کی مہلک کارکردگی سے ہندوستان نے ایڈن گارڈن میدان پر جمعہ سے شروع ہوئے تاریخی گلابی ٹیسٹ کے پہلے دن بنگلہ دیش کو لنچ کے بعد 30.3 اوور میں محض 106 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گلابی گیند سے یہ پہلا دن رات ٹیسٹ ہے اور دو میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ہے۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا جو سرے سے غلط ثابت ہوا۔ مہمان ٹیم نے لنچ تک 21.4 اوور میں محض 73 رن جوڑ کر چھ وکٹ اور اگلے سیشن میں باقی 4 وکٹ 33 رن جوڑ کر گنوا دیے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے اپنی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے سامنے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم نے 106 رن پر گھٹنے ٹیک دیئے۔ ایشانت نے گلابی گیند سے قہر برپا کرتے ہوئے 12 اوور میں 22 رن دے کر پانچ وکٹ لئے۔ امیش یادو نے 7 اوور میں 29 رن پر تین وکٹ اور محمد سمیع نے 10.3 اوور میں 36 رن پر دو وکٹ لئے۔ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے اننگز میں محض ایک اوور پھینکا جبکہ آف اسپنر روی چندرن اشون کو بولنگ کرنے کا موقع نہیں ملا۔31 سالہ ایشانت نے اپنے کیریئر میں 10 ویں بار اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کئے اور 96 ٹسٹ میچوں میں ان کے 288 وکٹ ہو گئے ہیں۔ ہندوستانی فاسٹ بولر زنے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو ٹکنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ مہمان ٹیم کے اوپنر شادمن اسلام 29، لٹن داس 24 ریٹائرڈ ہرٹ اور نعیم حسن 19 رنز بنا کر دھائی کے ہندسے میں پہنچنے والے تین بلے باز رہے۔ بنگلہ دیش کے چار بلے بازوں کا اکاؤنٹ تک نہیں کھلا۔

گلابی ٹیسٹ میں ہندوستان کی زبردست گیند بازی، بنگلہ دیش 106 رونوں پر ڈھیر

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے صبح میچ میں ایڈن گارڈن کے روایتی گھنٹہ بجا کر دونوں ٹیموں کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ کا افتتاح کیا تھا۔ لیکن مہمان ٹیم کا آغاز کافی خراب رہا اور صرف 38 رنز پر اس نے اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے۔سلامی بلے باز شادمان اسلام نے پہلے وکٹ کے لئے امرالقیس کے ساتھ صرف 15 رن جوڑے تھے کہ امرالقیس کو ایشانت نے ایل بی ڈبلیو کر ساتویں اوور کی تیسری گیند پر ہی ہندوستان کو گلابی گیند سے اس کا پہلا وکٹ دلا دیا۔ کپتان مومن الحق کو امیش نے روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کرایا اور کھاتہ کھولے بغیر ہی بنگلہ دیشی کپتان پویلین لوٹ گئے۔محمد جیمنی بھی سات گیند تک ہی ٹکنے کا جذبہ دکھا سکے اور امیش نے انہیں بولڈ کیا۔ جیمنی بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مشفق الرحیم کا بھی یہی حشر ہوا اور محمد سمیع نے انہیں بولڈ کر گھریلو میدان پر اپنا پہلا گلابی وکٹ لیا اور ہندوستان کو اس کا چوتھا وکٹ دلا دیا۔ رحیم چار گیندوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔

گلابی ٹیسٹ میں ہندوستان کی زبردست گیند بازی، بنگلہ دیش 106 رونوں پر ڈھیر

بنگلہ دیشی ٹیم کی انتہائی خراب بیٹنگ یہیں نہیں رکی اور سلامی بلے باز شادمان کا صبر بھی ٹوٹ گیا جنہوں نے 52 گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر 29 رن بنائے جو لنچ تک ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی رہا۔ شادمان کو بھی امیش نے آؤٹ کیا اور اسٹمپس کے پیچھے وکٹ کیپر ردھمان ساہا کے ہاتھوں انہیں کیچ کرایا۔ یکطرفہ سے لگ رہے اس میچ میں مہمان ٹیم نے 15 ویں اوور کی دوسری گیند پر 38 رن جوڑ کر اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے۔لنچ سے پہلے محموداللہ چھ رن بنا کر ایشانت کی گیند پر ساہا کو کیچ دے بیٹھے اور مہمان ٹیم کو چھٹا وکٹ بھی گر گیا۔ محموداللہ نے 21 گیندوں میں ایک چوکا لگایا۔ لنچ تک نعیم حسن صفر پر ناٹ آؤٹ تھے ۔


لنچ کے بعد بنگلہ دیش کی اننگز کو سمٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ لنچ سے پہلے کے آخری اوور میں لٹن داس ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ انہوں نے 27 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے۔ ایشانت نے لنچ کے بعد تین وکٹ نکالے اور سمیع نے ایک وکٹ لیا۔نعیم 19، عبادت حسین 1، مہدی حسن 8 اور ابو زید کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ گلابی گیند کے سامنے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو جیسے سانپ سونگھ گیا اور ایڈن گارڈن کے میدان پر انہوں نے گھٹنے ٹیک دئے ۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں کے دبدبے کا عالم یہ تھا کہ ٹیم انڈیا کے دونوں اسپنروں کو کچھ بھی کرنے کا موقع نہیں ملا۔ جڈیجہ نے ایک اوور پھینکا جبکہ اشون خالی فیلڈنگ کرتے رہ گئے۔

ایشانت نے اپنے پانچ وکٹ پورے کئے اور گزشتہ 12 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب دہلی کے اس تیز گیند باز نے ہندوستان میں ایک اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے تقریبا چیختے ہوئے اپنی اس کامیابی کا جشن منایا جس کے لئے ٹیم کے ساتھیوں نے انہیں مبارک باد دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */