گلابی گیند ہندوستانی گیندبازوں کو آئی پسند، شامی-سینی نے ڈھایا قہر، آسٹریلیا ’اے‘ 108 پر ڈھیر

ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگ میں 194 رن بنائے اور آسٹریلیا ’اے‘ کی ٹیم 108 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پہلی اننگ میں ہندوستان کو 86 رن کی سبقت حاصل ہوئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سڈنی: ہندوستانی بلے بازی گلابی گیند کے سامنے پہلے ڈے-نائٹ پریکٹس میچ میں آسٹریلیا اے کے خلاف پہلے دن جمعہ کو 194 رن پر ڈھیر ہوگئی جبکہ تیزگیندباز جسپریت بمراہ (ناٹ آؤٹ 55) نے اپنے کیر یر کی پہلی نصف سنچری بناتے ہوئے ہندوستان کو قابل دفاع اسکور تک پہنچایا۔ اس کے بعد ہندوستانی گیندبازوں نے جارحانہ گیندبازی کرتے ہوئے آسٹریلیا اے کو پہلی اننگز میں صرف 108 رن پر سمیٹ دیا اور پہلی اننگز میں 86 رن کی سبقت حاصل کرلی ۔

ہندوستان نے اپنے نو وکٹ صرف 123 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن بمراہ نے جوابی حملہ کتے ہوئے صرف 57 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 55 رن بنائے اور ہندوستان کو قابل دفاع اسکور دیا۔ بمراہ کا کسی بھی فارمیٹ میں کیریر کی یہ پہلی نصف سنچری تھی۔اس سے پہلے ان کا بہترین اسکور لسٹ اے میں ناٹ آوٹ 42 رن تھا۔ بمراہ نے محمدسراج کے بیچ آخری وکٹ کے لئے 71 رن کی شاندار رفاقت کی۔ سراج نے 34 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رن بنائے۔

آسٹریلیا اے کی اننگز میں 10.4 اوور کے بعد بارش آنے کے بعد کھیل روکنا پڑا۔ اس وقت تک آسٹریلیا کا اسکور ایک وکٹ پر 36 رن تھا۔ بمراہ نے ناٹ آوٹ نصف سنچری بنانے کے بعد سلامی بلے باز جوبرنس کو دوسرے اوور میں وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ بارش رکنے کے بعد کھیل شروع ہونے پر ہندوستانی تیزگیندبازوں خاص طور پر محمدشامی نے آسٹریلیائی بلے بازی پر تباہی مچا دی۔ آسٹریلیا کی اننگز 32.2 اوور میں 108 رن پر سمٹ گئی اور اس کے ساتھ ہی پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔

مارکس ہیرس شامی کی گیند پر شبھمن گل کو کیچ دے بیٹھے۔ ہیرس نے 26 رن بنائے۔ شامی نے پھر بین میک ڈرماٹ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ محمد سراج نے نک میڈنسن کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ میڈنسن نے 34 گیندوں میں 19 رن بنائے۔ شامی نے سین ایبوٹ کو پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔


کپتان ایلکس کیری نے جیک ولڈرمتھ کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 27 رنز جوڑے۔ بمراہ نے ولڈرمتھ کو پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ ولڈرمتھ نے 12 رنز بنائے۔ نودیپ سینی نے ول سدرلینڈ کو بغیر کھاتہ کھولے گل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس کے بعد سینی نے کیری اور مائیکل سویپسن کا شکار کیا اور پہلے ٹیسٹ کے لئے اپنا دعویٰ مضبوطی سے پیش کیا۔ کیری نے 38 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔

ہیری کانوے رن آؤٹ ہوگئے اور آسٹریلیا اے کی اننگز 108 رن پر ختم ہوگئی۔ شامی نے 11 اوور میں 29 رن پر تین وکٹ، سینی نے 5.2 اوور میں 19 رن پر تین وکٹ، بمراہ نے نو اوور میں 33 رن پر دو وکٹ اور سراج نے سات اوور میں 26 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔

کپتان وراٹ کوہلی اس مقابلہ میں کھیلنے نہیں اترے۔پہلے پریکٹس میچ میں کھیلنے والے چتیشور پجارا کو بھی اس میچ میں آرام دیا گیا۔ گلابی گیند کے سامنے ہندوستانی بلے باز جدوجہد کرتے نظرآئے جو پہلے ٹسٹ کو دیکھتے ہوئے اچھا اشارہ نہیں ہے۔

سلامی بلے باز مینک اگروال صرف دو رن بناکر سین ایبوٹ کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔ مینک کے جوڑی دار کے دعویدار پرتھوی شا اور شبھمن گل نے دوسرے وکٹ کے لئے 63 رن کی ساجھیداری کی لیکن اس کے بعد ہندوستان نے 51 رن جوڑ کر آٹھ وکٹ گنوائیں ۔ پرتھوی 40، 43 ہنوما وہاری 15، کپتان اجنکیا رہانے چار، وکٹ کیپبر رشبھ پنت پانچ، ردھمان ساہا صفر، نودیپ سینی چار اور محمد شامی صفر پر آوٹ ہوئے۔


کپتان اجنکیا رہانے نے اس سے پہلے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا جوصحیح ثابت نہیں ہوا اور ٹیم نے مینک اگروال کے طور پر صرف 9 رن کے اسکور پر پہلا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے شبھمن اور سلامی بلے باز پرتھوی نے اچھے شاٹ لگائے۔ دونوں کے بیچ دوسرے وکٹ کے لئے 63رن کی شراکت ہوئی جس کے بعد پرتھوی 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ آل راؤنڈر ہنوما وہاری بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 15 رنز کے ذاتی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے پریکٹس میچ میں سنچری بنانے والے کپتان اجنکیا زیادہ دیر پچ پر نہیں ٹھہر سکے اور وہ صرف چار رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک بار پھر مایوس کیا اور وہ صرف پانچ رن ہی بناسکے۔ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل ردھمان ساہا پریکٹس میچ میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ساہا کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کے سات وکٹ صرف 117 رنز پر گر ے ۔

پہلے پریکٹس میچ میں سنچری بنانے والے کپتان اجنکیا زیادہ دیر پچ پر نہیں ٹھہر سکے اور وہ صرف چار رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک بار پھر مایوس کیا اور وہ صرف پانچ رن ہی بناسکے۔ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل ردھمان ساہا پریکٹس میچ میں اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ ساہا کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کے سات وکٹ صرف 117 رنز پر گر ے ۔

محمد شامی کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور صفرپر آؤٹ ہوئے۔ نودیپ سینی نے بھی 27 گیندوں کا سامنا کیا اور چار رنز بنائے۔ ہندوستانی تیزگیندبازوں نے اس اننگز میں 81 رنز بنائے جس سے کپتان وراٹ کو یقینی طور پر راحت محسوس ہوگی کیونکہ آسٹریلیائی پچوں پر نچلی صف کے بلے بازوں کا بھی اہم کردار ادا ہوتا ہے۔

آسٹریلیاکی طرف سے جارحانہ گیندبازی کرتے ہوئے شان ایبٹ نے 12 اوورز میں 46 رن پر تین اور جیک وائلڈرمتھ نے صرف آٹھ اوورز میں 13 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیری کان وے ، ول سدرلینڈ ، کیمرون گرین اور مشل سویپ سن نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے بیچ پہلا ٹسٹ مقابلہ گلابی گیند سے سڈنی میں 17 دسمبر سے شروع ہونا ہے۔ وراٹ پہلے ٹسٹ میچ کے بعد اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لئے وطن لوٹ جائیں گے جس کے بعد ٹیم کی کپتانی رہانے کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔