ہندوستانی گیندباز امت مشرا نے کرکٹ کو کہا الوداع! آئی پی ایل میں 3 ہیٹ ٹرک لینے والے تنہا گیندباز
امت مشرا نے ہندوستان کے لیے 22 ٹیسٹ میچوں میں 76 وکٹ حاصل کیے۔ اس کھلاڑی کو 36 یک روزہ میچوں میں موقع ملا جس میں انھوں نے 64 کامیابی حاصل کی، جبکہ ٹی-20 میں ہندوستان کے لیے 16 وکٹ لیے۔

اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے بڑے بڑے بلے بازوں کو پریشان کرنے والے ہندوستانی اسپن گیندباز امت مشرا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 4 ستمبر کو امت مشرا نے سوشل میڈیا پر پروفیشنل کرکٹ چھوڑنے کی خبر اپنے شیدائیوں کو دی۔ امت مشرا طویل مدت سے ہندوستانی ٹیم اور آئی پی ایل دونوں سے ہی باہر تھے۔ وہ گھریلو کرکٹ بھی نہیں کھیل رہے تھے، ایسے میں اس کھلاڑی نے اب ریٹائرمنٹ لینا مناسب سمجھا۔
امت مشرا نے ہندوستان کے لیے 22 ٹیسٹ، 36 یک روزہ کرکٹ اور 10 ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلے۔ امت مشرا کی خاص بات یہ ہے کہ انھوں نے گھریلو کرکٹ سے لے کر آئی پی ایل تک میں اپنا زبردست جلوہ دکھایا۔ حالانکہ بین الاقوامی کرکٹ میں وہ ہربھجن سنگھ اور انل کمبلے کی موجودگی کی وجہ سے زیادہ میچ نہیں کھیل پائے۔
امت مشرا نے ہندوستان کے لیے 22 ٹیسٹ میچوں میں 76 وکٹ حاصل کیے۔ اس کھلاڑی کو 36 یک روزہ میچوں میں موقع ملا جس میں انھوں نے 64 کامیابی حاصل کی، جبکہ ٹی-20 میں ہندوستان کے لیے 16 وکٹ لیے۔ انھوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 3 مرتبہ ’5 وکٹ ہال‘ حاصل کیا۔ امت مشرا گھریلو کرکٹ کا ایک بہت بڑا نام رہے ہیں۔ انھوں نے 152 فرسٹ کلاس میچوں میں 535 وکٹ لیے۔ لسٹ اے میں بھی ان کے نام 252 اور ٹی-20 میں 285 وکٹ ہیں۔ مشرا نے اپنے پروفیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر 1072 وکٹ جھٹکے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں تو انھوں نے ڈبل سنچری بھی لگائی ہے۔
آئی پی ایل میں امت مشرا کا جلوہ کچھ الگ ہی انداز کا دیکھنے کو ملا۔ اس کھلاڑی نے دہلی کیپٹلز، لکھنؤ سپرجائنٹس، سنرائزرس حیدر آباد، ڈکن چارجرس کے لیے کھیلتے ہوئے 174 وکٹ اپنے نام کیے۔ انھوں نے آئی پی ایل میں 3 مرتبہ ہیٹ ٹرک لی، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ آئی پی ایل میں اب تک کسی بھی گیندباز نے 3 مرتبہ ہیٹ ٹرک نہیں لی ہے۔ ان کا اکونومی ریٹ بھی صرف 7.37 رہا، جو کہ بے مثال کہا جا سکتا ہے۔ امت مشرا نے آئی پی ایل کے 15 سیزن کھیلے، جس میں انھوں نے 36 کروڑ روپے سے بھی زیادہ کی کمائی کی۔