ہندوستانی بلے باز ابھشیک شرما نے ٹی-20 رینکنگ میں مچایا غدر، 40ویں مقام سے سیدھے نمبر 2 پر پہنچے
تازہ ٹی-20 رینکنگ میں ابھشیک شرما کئی مایہ ناز کھلاڑیوں سے آگے نکل گئے ہیں، انھوں نے فل سالٹ، تلک ورما، سوریہ کمار یادو، جوس بٹلر، بابر اعظم، محمد رضوان جیسے بلے بازوں کو پیچھے چھور دیا ہے۔

ابھشیک شرما، تصویر@BCCI
ہندوستان کے نوجوان سلامی بلے باز ابھشیک شرما نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی-20 سیریز میں طوفانی بلے بازی کر ٹی-20 رینکنگ میں زبردست اُچھال حاصل کیا ہے۔ تازہ آئی سی سی ٹی-20 رینکنگ میں انھوں نے نمبر 2 کی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کھلاڑی گزشتہ ہفتہ تک 40ویں مقام پر تھا، لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی کا انھیں فائدہ ملا، اور اب وہ 38 کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
تازہ ٹی-20 رینکنگ پر نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ ابھشیک شرما نے فل سالٹ، تلک ورما، سوریہ کمار یادو، جوس بٹلر، بابر اعظم، محمد رضوان جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ابھشیک شرما کے 829 پوائنٹس ہو چکے ہیں، اور اب وہ صرف ٹریوس ہیڈ سے پیچھے ہیں جن کے 855 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ابھشیک شرما اگر مزید ایک ٹی-20 سیریز میں اچھی کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، یقیناً وہ ٹریوس ہیڈ سے آگے نکل جائیں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز میں ابھشیک شرما نے 55.80 کی اوسط سے 279 رن بنائے تھے۔ انھوں نے اس سیریز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنائی تھی۔ اس سیریز میں ابھشیک شرما نے مجموعی طور پر 22 چھکے اور 24 چوکے لگائے۔
بہرحال، تازہ رینکنگ کے مطابق تلک ورما دوسرے سے تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ سالٹ چوتھے اور سوریہ کمار یادو پانچویں مقام پر چلے گئے ہیں۔ جوس بٹلر کو چھٹا، بابر اعظم کو ساتواں، نسانکا کو آٹھواں، محمد رضوان کو نواں اور کسل پریرا کو دسواں مقام حاصل ہوا ہے۔ ٹی-20 آل راؤنڈرس کی رینکنگ میں ہاردک پانڈیا اب بھی سرفہرست ہیں، جبکہ گیندبازی میں ہندوستان کے ورون چکرورتی تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔